سہیل آفریدی کی پیپلزپارٹی کو آئینی عہدے چھوڑکر احتجاج میں شامل ہونے کی پیشکش

پشاور (قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پہلے ہی احتجاج کررہی ہے، پیپلزپارٹی بھی صدر، چیئرمین سینیٹ، اور گورنرز کے آئینی عہدوں سے مستعفی ہوجائے اور احتجاج میں شامل ہوجائے۔ سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام “قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی” کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں خطاب کیا۔
تقریب میں سیکرٹری جنرل پاکستان تحریکِ انصاف سلمان اکرم راجہ، صدر پاکستان تحریکِ انصاف سندھ حلیم عادل شیخ، سینئر وکیل انتظار پنجھوتہ، صدر کراچی بار ایسوسی ایشن عامر نواز، وکلا رہنماؤں اور پارٹی قائدین نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان میں قانون کی حکمرانی اور عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے مختلف مقررین نے خطاب کیا اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پیپلزپارٹی کو آئینی عہدے چھوڑنے اور احتجاج میں شامل ہونے کی پیشکش کردی۔پی ٹی آئی توپہلے ہی احتجاجی تحریک میں ہے، پی پی بھی صدر، چیئرمین سینیٹ، اور گورنرز کا عہدہ چھوڑ کر حقیقی جمہوریت کو آنے دے۔ مزید برآں وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان کا کہنا ہے کہ سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے، عمران خان کے سیاسی شعور سے ملک پر مسلط نظام خوفزدہ ہے، فارم 47 کے حکمران یاد رکھیں کہ عوام ہی عمران خان کی اصل طاقت ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ بار میں وکلاء کنونشن آئین و قانون کی بالادستی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا،وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں دورہ سندھ انتہائی کامیاب رہا۔ اسٹریٹ موومنٹ میں بھرپور شرکت پر سندھ کے عوام کے مشکور ہیں، بدقسمتی سے کراچی اور حیدرآباد میں وزیر اعلیٰ کے قافلے کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں،ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پی ٹی آئی کا عزم کمزور نہیں کیا جا سکتا،ساڑھے چار کروڑ عوام کے منتخب وزیراعلی نے رکاوٹوں کے باعث رات کی تاریکی میں کچے راستوں سے سفر کیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی ٹول پلازہ پر وزیراعلی کے استقبالیے میں عوام کے جم غفیر سے یہ لوگ خوف زدہ ہو گئے،ملک پر مسلط فارم 47 کے حکمران یاد رکھیں کہ عوام ہی عمران خان کی اصل طاقت ہے۔ شفیع جان نے کہا کہ سندھ کو سیاسی جاگیر سمجھنے والوں کی اجارہ داری اب ختم ہونے والی ہے، عمران خان کے دیے گئے سیاسی شعور سے ملک پر مسلط نظام خوفزدہ ہے، عمران خان کی رہائی اور آئین کی بحالی تک سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔
