بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی صوبہ بھر میں ناقص خوراک کی تیاری و فروخت پر کارروائیاں، 18 مراکز و یونٹس جرمانہ، 1 واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ سیل، متعدد کو اصلاحی نوٹسز!


خبرنامہ (قدرت روزنامہ)عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی انسپیکشن ٹیموں کی مختلف اضلاع میں کارروائیاں جاری ہیں۔ تازہ کارروائیوں کے دوران 18 فوڈ یونٹس پر جرمانے عائد، 20 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری جبکہ ایک واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ سیل کر دیا گیا۔ترجمان بی ایف اے کے مطابق کارروائیوں کے دوران بیکریز، ریسٹورنٹس، جنرل اسٹورز، اسنیکس مینوفیکچرنگ یونٹس، ملک شاپس اور دیگر فوڈ بزنسز کا معائنہ کیا گیا، جہاں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات، فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی، غیر رجسٹرڈ کاروبار، مضر صحت رنگوں اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال سمیت مختلف خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔سمنگلی روڈ اور سبزل روڈ پر بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے چیکنگ کے دوران 4 یونٹس کو جرمانہ جبکہ ایک واٹر پیوریفیکیشن پلانٹ کو ورکرز کے لیے حفاظتی لباس کی عدم دستیابی، ناقص ویسٹ مینجمنٹ اور بی ایف اے رجسٹریشن نہ ہونے پر سیل کر دیا۔ دو ریسٹورنٹس کو ناقص صفائی، پروسیسنگ ایریا میں واش روم، ممنوعہ چائنیز نمک، ناقص ریفریجریشن اور دیگر خلاف ورزیوں پر جرمانہ کیا گیا۔ ایک بیکنگ یونٹ جبکہ ایک اور یونٹ کے خلاف بھی فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی۔اسی طرح مشرقی بائی پاس اور سریاب روڈ پر کارروائی کے دوران دو پاپڑ/اسنیکس مینوفیکچرنگ یونٹس کے مالکان کو جرمانہ کیا گیا۔ کارروائی کی وجوہات میں ناقص صفائی، ورکرز کی ذاتی صفائی کا فقدان، کھلے کوڑے دان، اشیاء پر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخیں درج نہ ہونا، مضر صحت رنگوں کا استعمال، حشرات کی موجودگی، نامناسب لیبلنگ اور تیار شدہ اشیاء کو کھلے ماحول میں رکھنا شامل تھا۔دریں اثناء کوئٹہ کے کلی الماس اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں ملک سیفٹی ٹیموں نے دودھ کے معیار کی جانچ کے لیے مختلف ملک شاپس کا معائنہ کیا۔ ایک دودھ فروش کو جرمانہ جبکہ 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ موقع پر دودھ اور دہی کے نمونے چیک کرنے پر ایک ملک شاپ میں سکمڈ ملک پاؤڈر اور دودھ میں پانی کی وافر مقدار ملانے کا انکشاف ہوا، جس پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔علاوہ ازیں تربت جوسک روڈ پر کارروائی کے دوران 4 جنرل اسٹورز اور ایک ریسٹورنٹ کے مالکان کو جرمانہ جبکہ 4 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائی میں ناقص صفائی، نامناسب نکاسی آب، مکھیوں کی بھرمار، مضر صحت رنگوں کے استعمال اور مختلف ایکسپائرڈ اشیاء بشمول مصالحے، کسٹرڈ پاؤڈر، کیکس، جوسز، اسنیکس اور دہی کو ضبط کرکے موقع پر تلف کیا گیا۔ڈھاڈر رند علی بازار اور شہر کے مختلف علاقوں میں بغیر فوڈ بزنس لائسنس کاروبار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ متعدد بیکریز اور جنرل اسٹورز مالکان کو لائسنس کی عدم دستیابی اور ناقص خوراک کی فراہمی پر جرمانہ کیا گیا جبکہ معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر متعدد مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔مزیدبرآں حب کے مختلف فوڈ مراکز کی چیکنگ کے دوران ایک ریسٹورنٹ اور ایک بریانی سنٹر کو صفائی کے ناقص انتظامات، خام مال کی نامناسب اسٹوریج، غیر موزوں ریفریجریشن، بریانی میں مضر صحت رنگوں اور ممنوعہ چائنیز نمک کے استعمال پر جرمانہ کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert