ملک دشمن تنظیمیں نوجوانوں کو بہکانے کی سازش کر رہی ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل پہاڑوں میں نہیں، کھیلوں کے میدانوں میں ہے: جمال خان رئیسانی
بلوچستان میں ٹیلنٹ کی نہیں، وسائل کی کمی ہے، پنجاب جیسی سہولیات فراہم کریں گے: رکن قومی اسمبلی کا عزم

نوجوان محنت کریں، صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، ہمارا بھرپور تعاون ساتھ ہوگا
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ملک دشمن تنظیمیں ہماری نوجوان نسل کو بہکانے کی کوشش کر رہی ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل پہاڑوں میں نہیں ،ان کا مستقبل کھیلوں کے میدانوں اور یونیورسٹیاں ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں کھیلوں کے سامان کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رکن قومی اسمبلی جمال خان رئیسانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں کسی بھی قسم کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،اگر یہاں کمی تو وسائل کی کمی ہے، میں خود فٹبال کا کھلاڑی ہوں، مجھے اندازہ ہے کہ نوجوان کھلاڑیوں کو کن مشکلات کا سامنا رہتا ہے، حلقے کے کھلاڑیوں کو کھیلوں کا سامان دے رہے ہیں محنت کرنا کھلاڑیوں کا کام ہے، جمال رئیسانی کا کہنا تھا کہ دنیا کے کھیلوں کے میدانوں میں بلوچستان کے کھلاڑیوں نے نام کمایا ہے، بلوچستان کے کھلاڑیوں کو پنجاب جیسی سہولیات فراہم کریں گے ،بلوچستان کا نوجوان پاکستان کا مستقبل ہے،نوجوان صوبے اور ملک کے لیے کردار ادا کریں ہمارا بھرپور تعاون ہوگا۔
