سرکاری جہاز کے ذاتی استعمال پر مریم نواز کو 2 کروڑ 93 لاکھ سے زائد کا چالان جاری ہونے کا دعویٰ


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے سرکاری طیارے کے مبینہ ذاتی استعمال اور اس پر اٹھنے والے کروڑوں روپے کے اخراجات سے متعلق نیا دعویٰ سامنے آگیا۔ صحافی اور تجزیہ کار سید عمران شفقت کے مطابق حکومتِ پنجاب نے وزیراعلیٰ کے ذاتی سفر پر ہونے والے اخراجات کا باقاعدہ حساب کتاب کرتے ہوئے چالان تیار کرکے ان کے حوالے کر دیا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے تیار کردہ اس چالان کا نمبر 32-A ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سرکاری طیارے پر وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ برطانیہ کے نجی سفر کے اخراجات کی مد میں مریم نواز کو جو کل رقم ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، وہ 2 کروڑ 93 لاکھ 65 ہزار 976 روپے بنتی ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن یا حکومتِ پنجاب کے ترجمان کی جانب سے اس مخصوص چالان نمبر 32-A اور 2 کروڑ 93 لاکھ سے زائد کی رقم کے دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید جاری نہیں کی گئی، تاہم اسی حوالے سے صحافی اور تجزیہ کار رضوان رضی نے انتہائی ذمہ دار ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ مریم نوازشریف نے اپنے دورہٴ برطانیہ کے دوران طیارے کے جملہ اخراجات کی تفصیلات منظرِ عام پر لانے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ طیارے کے کل اڑھائی کروڑ روپے کے ان اخراجات میں اس کی پرواز، لینڈنگ اور پارکنگ چارجز سمیت دیگر تمام واجبات شامل ہیں، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ منگل کے روز تک یہ تمام مصدقہ دستاویزات عوام اور میڈیا کے سامنے پیش کر دی جائیں گی تاکہ اس معاملے پر جاری چہ مہ گوئیاں ختم ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert