پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج پھر بڑا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آج پھر بڑے اضافے کا اعلان کردیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 88 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا۔ پیٹرول کی نئی قیمت 391 روپے 22 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 421 روپے 45 پیسے مقرر کردی گئی۔
نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ اعلامیہ کے مطابق خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی بین الاقوامی قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ تیل کی عالمی قیمتوں کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔ دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 108 ڈالر فی بیرل کے قریب پہنچ گئی ہے، تاہم سعودی عرب کی جانب سے عمان کے راستے اضافی خام تیل کی ترسیل کی پیشکش کے بعد قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 83 سینٹ کمی کے بعد 107.92 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل 1.41 ڈالر کمی کے بعد 104.42 ڈالر فی بیرل پر آگیا. رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی مارکیٹ کو اضافی تیل فراہم کرنے کے لیے عمان کے قریب متبادل راستے سے خام تیل کی ترسیل کی پیشکش کی ہے عالمی توانائی مارکیٹ میں یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت معمول سے نمایاں کم ہوگئی ہے، جس سے خام تیل اور دیگر توانائی مصنوعات کی عالمی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں. سعودی عرب کی جانب سے متبادل راستے کے ذریعے تیل کی فراہمی بڑھانے کے اقدام کو عالمی مارکیٹ میں سپلائی کے دباﺅ کو کم کرنے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے تاہم خطے میں جاری کشیدگی کے باعث تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاﺅبرقرار رہنے کا امکان ہے۔
