اسلام آباد میں آج سے ہی 3 ہزار کنٹینرز لگا کر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی، شفیع جان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وزیراطلاعات خیبرپختونخواہ شفیع جان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں آج سے ہی 3 ہزار کنٹینرز لگا کر عوام کی زندگی اجیرن بنا دی گئی، عدالت کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے۔ دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کو سڑک گرم ہوگی اور سہیل آفریدی لیڈ کریں گے، ہم پرامن احتجاج کریں گے، احتجاج تب ہوتا ہے جب سنوائی نہ ہو۔
دو سالوں میں ہم نے مذاکرات کی کوشش کی مگر بات نہیں بنی، اسلام آباد ہائیکورٹ سے بھی سوال ہے کہ عمران خان کی صحت اور ان سے ملاقات کے بارے میں 20 سے زیادہ فیصلے دیئے لیکن کسی پر عملدرآمد نہیں ہوا، آپ کہہ رہے ہیں کہ شہریوں کی زندگی کو اجیرن نہ بنائیں لیکن اسلام آباد میں آج سے ہی 3 ہزار کنٹینرز لگا دیئے گئے ہیں۔
عدالت کو چاہئے کہ فیصلہ دے کہ اسلام آباد کو کیسے بند کیا جاسکتا ہے؟ ہمیں پتہ ہے یہ ہمیں ماریں گے، گرفتار اور نااہل بھی کریں گے لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ سے سوال ہے کہ عمران خان سے متعلق آپ کے کسی فیصلے پر عمل نہیں ہوا۔
لیکن 27 ستمبر کو سڑک گرم ہوگی اور سہیل آفریدی لیڈ کریں گے۔دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کی روشنی میں خیبرپختونخوا حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے حوالے سے سرکاری افسران اور وسائل کے استعمال پر پابندی سے متعلق ہدایات جاری کردیں۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے تمام متعلقہ افسران کو عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر کسی افسر کو مارچ میں شرکت کے لیے کہا جائے تو فوری طور پر چیف سیکرٹری یا انسپکٹر جنرل پولیس کو آگاہ کیا جائے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ کوئی سرکاری افسر اسلام آباد کی جانب مارچ، ریلی یا جلوس میں معاونت یا سہولت فراہم نہیں کرے گا۔ ہدایات کے مطابق ایسے مارچ یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی جس سے اسلام آباد میں آزادانہ نقل و حرکت، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں، تعلیمی اداروں یا طبی سہولیات تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ہو۔ ہدایات میں کہا گیا کہ سرکاری گاڑی، مشینری، آلات، عوامی فنڈز یا دیگر سرکاری وسائل بھی کسی مارچ یا ریلی کے لیے استعمال نہیں کیے جاسکیں گے اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔

WhatsApp
Get Alert