عمران خان کو رہا کیا جائے، بورس جانسن

لندن (قدرت روزنامہ) برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی قید کی وجوہات پر سوالات اٹھا دیئے اور عوام سے عمران خان کی رہائی کے لیے جاری مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی ہے۔
بورس جانسن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ لوگوں کو یہ سوال کرنا چاہیے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان تین سال سے جیل میں کیوں ہیں اور انہیں طویل عرصے سے سخت حالات کا سامنا کیوں کرنا پڑ رہا ہے۔
سابق برطانوی وزیراعظم نے عمران خان کے خلاف مقدمات اور ان کی قید کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے نزدیک عمران خان کی مسلسل قید کی وجہ ان کی غیر معمولی عوامی مقبولیت ہے۔
بورس جانسن نے پاکستانی فوجی قیادت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اسے خدشہ ہے کہ اگر عمران خان کو رہا کردیا گیا تو وہ آئندہ انتخابات میں اپنے لاکھوں حامیوں کی بھرپور حمایت کے نتیجے میں دوبارہ انتخابی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔
Boris Johnson speaks out in support of Imran Khan.
In a newly released video message, the former UK Prime Minister urges people to join his campaign calling for Imran Khan's release from prison. pic.twitter.com/xhPKJZZyCQ
— Sheikh Hopeful (@high_hopeful) September 18, 2026
انہوں نے عمران خان کے کرکٹ کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں پاکستان اور دنیا کے عظیم ترین کرکٹرز میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ ان کی عوامی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔
بورس جانسن کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو محض اس خدشے کی بنیاد پر جیل میں رکھنا قابل قبول نہیں کہ رہائی کے بعد وہ دوبارہ سیاسی اور انتخابی کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ انہوں نے عمران خان کو عمر رسیدہ اور علیل قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
سابق برطانوی وزیراعظم نے اس معاملے پر برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ میں اپنے مضمون کا بھی حوالہ دیا اور لوگوں سے اسے پڑھنے اور عمران خان کی رہائی کے لیے جاری مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی۔
عمران خان کے صاحبزادے ’قاسم خان‘ نے بھی بورس جانسن کی ویڈیو اور ان کے مضمون کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا اور اپنے والد کے حق میں آواز اٹھانے پر سابق برطانوی وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
Brilliant article. Thank you @BorisJohnson.https://t.co/IEO6C7ZFU0
— Kasim Khan (@Kasim_Khan_1999) September 18, 2026
قاسم خان اور ان کے بھائی سلیمان خان حالیہ عرصے میں اپنے والد کی قید، صحت اور جیل میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اٹھا رہے ہیں۔
