مریم نواز کو اپنی حیثیت کے مطابق سوچنا چاہیے، نجم سیٹھی کا مشورہ

مریم نواز اگر آپ عمران خان کی طرح پاپولر ہوتیں کہ جو مرضی کہیں لوگ نہ مانتے تو بات الگ تھی، آپ کے بارے میں تو جو مرضی کہیں لوگ مان لیتے ہیں، اوپر سے ہر بندہ کہتا ہے کہ آپ فارم 47 ہیں؛ تجزیہ کار کی گفتگو


لاہور(قدرت روزنامہ)معروف سینئر صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سیاسی حکمتِ عملی اور طرزِ حکمرانی پر تنقید کرتے ہوئے انہیں اپنی سیاسی حیثیت کے مطابق سوچنے اور فیصلے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اس حوالے سے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ مریم نواز کو اب سیاست سیکھنی چاہیے کیونکہ یہ اپوزیشن کا دور نہیں ہے جہاں آپ روزانہ کی بنیاد پر لڑائی جھگڑے اور زبانی کلامی محاذ آرائی کرتے رہیں، اگر پنجاب میں واقعی دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی ہوتییں تو لوگ حکومت کی خامیوں یا متنازع امور پر بالکل نظر نہ ڈالتے۔


انہوں نے مزید کہا کہ اگر مریم نواز بانیِ پی ٹی آئی عمران خان کی طرح اتنی پاپولر ہوتیں کہ وہ جو بھی دعویٰ یا بات کرتیں لوگ بلا چون و چرا اسے مان لیتے تو معاملہ بالکل مختلف ہوتا، لیکن موجودہ صورتحال یہ ہے کہ مریم نواز کے بارے میں کوئی کچھ بھی کہے، لوگ اس پر آسانی سے یقین کر لیتے ہیں، اوپر سے ہر بندہ یہی کہتا ہے کہ آپ فارم 47 کی مرہونِ منت ہیں لہٰذا انہیں اپنی سیاسی حقیقت اور حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے قدم اٹھانا چاہیے۔
اس کے علاوہ نجم سیٹھی نے اپنے اور دیگر صحافیوں کے حکومتی تنقید پر بات کرتے ہوئے مریم نواز کو شدید خود احتسابی کا مشورہ بھی دیا، انہوں نے کہا کہ وہ صحافی جو ایک زمانے میں مریم صفدر کے بے حد قریب سمجھے جاتے تھے، آج وہی ان پر کھل کر تنقید کر رہے ہیں، مریم صفدر کو ٹھنڈے دل سے سوچنا چاہیے کہ آخر ایسا کیوں ہوا؟ کیا ان صحافیوں کی نیت پہلے ہی سے خراب تھی؟ اور اگر ان کی نیت واقعی پہلے سے خراب تھی تو پھر مریم صفدر نے خود انہیں کیوں منتخب کیا تھا اور انہیں اپنے اتنے قریب کیوں لائی تھیں؟۔

WhatsApp
Get Alert