آئین کی پامالی اور من پسند تشریحات ریاستی ڈھانچے کی بنیادیں کھوکھلی کرنے کے مترادف ہیں: مولانا عبدالواسع

مصنوعی اکثریت کی اسمبلیاں بنا کر مرضی کے قوانین منظور کرانا پارلیمانی جمہوریت پر کاری ضرب ہے


عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے اور سیاسی انجینئرنگ سے ملک بے یقینی کا شکار ہوا، خوددار قومیں قومی وقار پر سودے بازی نہیں کرتیں: جے یو آئی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری مولانا آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ خوددار قومیں اپنے آئینی اصولوں، قومی وقار اور جمہوری مینڈیٹ پر سودے بازی نہیں کرتیں، آئینِ پاکستان ریاستی نظم و نسق کا بنیادی عمرانی و قومی میثاق ہے، جس پر ملک کی تمام اکائیوں اور قوموں کا اتفاق ہے۔ آئین کو پامال کرنا، من پسند تشریحات کے ذریعے اس کی روح مسخ کرنا یا اقتدار کی ضرورتوں کے مطابق آئینی شقوں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا دراصل ریاستی ڈھانچے کی بنیادیں کھوکھلی کرنے کے مترادف ہے، ایسے آئین شکن طرزِ عمل کا محاسبہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری سیاسی انتشار، بے یقینی اور سیاسی تصادم کی بڑی وجہ آئین کی بالادستی کے بجائے سیاسی انجینئرنگ، عوامی مینڈیٹ کی نقب زنی، انتخابی عمل میں من پسند کرداروں کی سرپرستی اور مصنوعی نمائندگی کے ذریعے اقتدار کے بندوبست کی کوششیں ہیں۔ من پسند افراد کو مسندِ اقتدار پر بٹھا کر مصنوعی اکثریت کی اسمبلیاں تشکیل دینا اور پھر ان اسمبلیوں سے مرضی کے قوانین منظور کرانا پارلیمانی جمہوریت کی روح پر کاری ضرب اور ریاستی نظام کے لیے انتہائی خطرناک رجحان ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو بے وزن، انتخابات کو بے معنی اور پارلیمان کو محض مہرِ تصدیق بنانے کی روش کسی صورت ملک کے مفاد میں نہیں؛ آج بھی وقت ہے کہ سیاسی مصلحتوں اور اقتداری انجینئرنگ کے بجائے آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری، شفاف انتخابی عمل اور عوامی مینڈیٹ کی حرمت کو ریاستی نظام کی بنیاد بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ قومی میثاق پر بلاامتیاز عملدرآمد ہی ملک کو سیاسی بھنور سے نکال سکتا ہے، ریاست کو واضح آئینی سمت دے سکتا ہے اور وفاق کی تمام اکائیوں کے درمیان اعتماد کی بحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert