نادرا کی وضاحت، پروف آف لائف سرٹیفکیٹ نہ بننے پر پنشن بند نہیں ہوگی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے واضح کیا ہے کہ جن پنشنرز کے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ ستمبر میں نادرا سے جاری نہیں ہوسکے، صرف اس بنیاد پر ان کی پنشن بند نہیں کی جائے گی۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر سید شباحت علی نے کہا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا کہ ستمبر تک نادرا سے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے کی صورت میں پنشن کی ادائیگی روک دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ نادرا متعلقہ اداروں کے تعاون سے ریٹائرڈ ملازمین کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا میں سہولت فراہم کر رہا ہے، خصوصاً بزرگ پنشنرز کو زیادہ سے زیادہ آسانی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ستمبر کے دوران سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونے والے پنشنرز کے حوالے سے خدشات پر سید شباحت علی نے کہا کہ حکومت پہلے ہی فیصلہ کرچکی ہے کہ صرف اس وجہ سے پنشن نہیں روکی جائے گی کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ نادرا کے ذریعے جاری نہیں ہوسکا۔
نادرا حکام کے مطابق یہ فیصلہ مسلح افواج، وفاقی و صوبائی حکومت کے محکموں کے ریٹائرڈ ملازمین کے علاوہ ان اداروں کے پنشنرز پر بھی لاگو ہوگا جنہوں نے ابھی تک نادرا کے ساتھ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کے اجرا کے لیے انتظامات نہیں کیے۔
نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر نے واضح کیا کہ کسی بھی ادارے سے تعلق رکھنے والے ریٹائرڈ ملازم کی پنشن صرف اس بنیاد پر بند نہیں کی جائے گی کہ نادرا کی جانب سے اس کا پروف آف لائف سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہوا۔
نادرا کی اس وضاحت سے ان بزرگ پنشنرز کو ریلیف ملنے کی توقع ہے جو سرٹیفکیٹ کے اجرا میں تاخیر کے باعث اپنی پنشن کی ادائیگی رکنے کے حوالے سے پریشان تھے۔
