کے پی پولیس نے ڈرون حملوں سے بچنے کیلئے روس یوکرین جنگ میں استعمال ہونیوالا حفاظتی جال لگالیا


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا میں ڈرون حملوں کے خطرے کے پیش نظر پولیس نے دفاع کا ایک سادہ اور کم لاگت طریقہ اپنا لیا۔
روس اور یوکرین کی جنگ میں استعمال ہونے والا حفاظتی جال اب خیبرپختونخوا کے حساس پولیس تھانوں اور چوکیوں پر بھی نصب کیا جا رہا ہے جس کا مقصد ڈرون سے گرائے جانے والے دھماکہ خیز مواد کے اثرات کو کم کرنا ہے۔
دہشتگردی سے متاثرہ خیبرپختونخوا میں ڈرون حملوں جیسے بدلتے طریقۂ واردات کے بعد پولیس نے صوبے بھر کی حساس تنصیبات پر حفاظتی جال نصب کرنا شروع کردیے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق پشاور میں اب تک 31 حساس پولیس تنصیبات پر یہ جال نصب کیے جا چکے ہیں جن پر تقریباً 2 ہزار 81 میٹر جال نصب کیا گیا ہے جب کہ ضرورت پڑنے پر مزید حفاظتی جال بھی نصب کیے جائیں گے۔
عام سے دکھنے والے جال میں ڈرون سے گرایا جانے والا پے لوڈ پھنس جاتا ہے جس سے براہِ راست زمین سے ٹکرانے اور اہلکاروں کو شدید نقصان کا امکان کم ہو جاتا ہے۔
حساس مقامات پر حفاظتی جال کے ساتھ ساتھ اینٹی ڈرون گنز اور اینٹی ڈرون نظام بھی ڈویژنل ہیڈکوارٹرز اور سیف سٹی میں نصب کیے گئے ہیں۔
جال کی کارکردگی جانچنے کے لیے اس پر بھاری سامان گرا کر تجربہ کیا گیا جس کے بعد اسے حساس پولیس تنصیبات پر نصب کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert