شہری کو شناختی کارڈ میں خاتون ظاہر کرنے کا معاملہ، نادرا کو کارڈ کا آخری ہندسہ درست کرنیکا حکم

لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور ہائیکورٹ نے نادرا کو شہری کے شناختی کارڈ نمبر کا آخری ہندسہ درست کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے نادرا کی اپیل خارج کردی اور ماتحت عدالتوں کے فیصلے کو برقرار رکھا۔
دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ شہری ساجد مقصود کا ریکارڈ پہلے خاتون درج تھا، بعد میں درست کیا گیا، نادرا نے نیا شناختی کارڈ جاری کیا مگر آخری ہندسہ تبدیل نہیں کیا، مختلف اداروں کے ریکارڈ میں شہری کی جنس خاتون ظاہر ہوتی رہی۔
عدالت میں کہا گیا کہ نادرا واضح قانونی ممانعت ثابت نہ کرسکا، غلطی کو انتظامی یا تکنیکی بنیاد پر مستقل نہیں رکھا جاسکتا، شناختی نمبر کی تبدیلی ضروری ہو تو نیا نمبر جاری کیا جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ سابقہ ریکارڈ نئے نمبر پر منتقل کیا جائے تاکہ دوسری شناخت نہ بنے، شناختی نمبر کے اجرا سے متعلق قانون میں ترمیم کی ضرورت ہے۔
عدالت نے نادرا کو 60 روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
