عوام کےلیے بری خبر، آٹے اور گندم کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

لاہور(قدرت روزنامہ)اوپن مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ گندم کی قیمت 4700 روپے سے بڑھ کر 5400 روپے فی من ہوگئی ہے، جبکہ 15 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 2350 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اشیائے خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں کے باعث کم آمدنی والے طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ روزمرہ استعمال کی بنیادی غذا آٹا مہنگا ہونے سے غریب اور متوسط طبقے کے گھریلو بجٹ پر مزید دباؤ بڑھ گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے سے پریشان شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور آٹے سمیت دیگر ضروری اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پہلے ہی گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل بنا دیا ہے، جبکہ آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اضافے سے عام آدمی کی مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کم آمدنی والے خاندانوں کو ریلیف مل سکے۔
