اقتدار کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، پی ٹی آئی گورنر راج یا ایمرجنسی بھی بھگت لے گی، جنید اکبر

شاید لگانے والے بھگت نہیں سکیں گے، خیبرپختونخواہ کے عوام کی نفرت آپ کو بہا کر لے جائے گی! صوبائی صدر پی ٹی آئی کا بیان


پشاور(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی جنید اکبر نے وفاقی حکومت کی جانب سے خیبرپختونخواہ میں گورنر راج یا ایمرجنسی کی دھمکیوں اور سیاسی دباؤ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاست اقتدار کے لیے نہیں ہے بلکہ پارٹی اقتدار کو جوتے کی نوک پر رکھتی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے خبردار کیا کہ پی ٹی آئی گورنر راج یا ایمرجنسی کا سامنا تو بخوبی کر لے گی لیکن ممکن ہے کہ یہ اقدام اٹھانے والے خود اس کا بوجھ برداشت نہ کر سکیں کیوں کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخواہ محمد سہیل آفریدی اس وقت صوبے کے سب سے مقبول ترین لیڈر ہیں۔
جنید اکبر خان کا کہنا ہے کہ جب سے سہیل آفریدی نے عوام کو بے گھر کرنے سے انکار کرکے اپنے منصب اور اقتدار کو خطرے میں ڈالا ہے، پورا سابقہ فاٹا اور کے پی کے غیرتمند عوام ان کی پشت پر کھڑے ہیں، خیبر پختونخواہ کے عوام کی شدید نفرت حکمرانوں کو اقتدار سے بہا کر لے جائے گی۔

پارٹی کے اندر مبینہ اختلافات اور ویڈیوز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جنید اکبر نے واضح کیا کہ ان کے اراکینِ صوبائی اسمبلی کے خلاف سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ مکمل طور پر جعلی ویڈیوز ہیں، جن پر ہرگز یقین نہ کیا جائے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم پی ایز وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ مکمل اتفاق، اتحاد اور آہنی یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں، اس قسم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکمران کس قدر خوف زدہ ہیں، لیکن اس طرح کی گھٹیا کوششوں سے تحریکِ انصاف کے اتحاد اور عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا۔

WhatsApp
Get Alert