سبی سے 14 سالہ ہندو بچی کے مبینہ اغوا کا معاملہ، وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو کا نوٹس، سندھ حکومت سے رابطے کی یقین دہانی
اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے گا، بچی کی بازیابی کے لیے تمام اقدامات اٹھائیں گے، ایوان کو بریفنگ

محکمہ کھیل میں تمام بھرتیاں میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کے تحت ہو رہی ہیں، الزامات بے بنیاد ہیں، صوبائی وزیر ظہور بلیدی
کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سبی سے تعلق رکھنے والی ہندو برادری کی 14 سالہ بچی بندیہ کے مبینہ اغوا، مذہب کی جبری تبدیلی اور نکاح کا معاملہ زیر بحث آیا، جبکہ محکمہ کھیل میں بھرتیوں کے عمل پر بھی ارکان اسمبلی نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے بچی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سندھ حکومت سے رابطہ کرکے رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنے کی یقین دہانی کرائی بلوچستان اسمبلی کا اجلاس پیر کو اسپیکر کیپٹن (ر)عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں 25 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران گوادر میں میجر وجاہت وحید اور نصیرآباد میں پولیس اہلکاروں کی شہادت پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔اجلاس میں رکن اسمبلی اشوک کمار نے توجہ دلائی کہ تین روز قبل سبی کے علاقے سے ہندو برادری کی 14 سالہ بچی بندیہ کو مبینہ طور پر اغوا کرکے سندھ لے جایا گیا، جہاں اس کی مرضی کے خلاف نکاح کرائے جانے کی اطلاعات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق 14 سالہ بچی کی شادی اور مذہب کی تبدیلی کے معاملے کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ سندھ حکومت سے فوری رابطہ کرکے بچی کی بازیابی یقینی بنائی جائے۔پارلیمانی سیکرٹری برائے مذہبی امور سنجے کمار نے کہا کہ یاسر نامی شخص مبینہ طور پر نویں جماعت کی طالبہ بندیہ کو ورغلا کر سندھ لے گیا، جہاں اس کا مذہب تبدیل کرکے نکاح کرائے جانے کا الزام ہے۔ ان کے مطابق بچی کے اہل خانہ شدید پریشانی میں مبتلا ہیں اور ان کی والدہ کی حالت بھی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح اسما جتک کے معاملے پر آواز اٹھائی گئی، اسی طرح 14 سالہ بندیہ کی بازیابی کے لیے بھی بھرپور آواز اٹھائی جائے۔سابق وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں تمام اقلیتی برادریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں اور کسی کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جانی چاہییصوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے ایوان کو بتایا کہ بچی کے معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ رابطے اور ضروری معلومات حاصل کرنے کے بعد رپورٹ اسمبلی میں پیش کی جائے گی۔ محکمہ کھیل میں بھرتیوں پر تحفظات کا اظہار کیااجلاس کے دوران برشور اور ضلع پشین میں محکمہ کھیل کی بھرتیوں کے معاملے پر ارکان اسمبلی اسفندیار کاکڑ اور اپوزیشن رکن اصغر ترین نے تحفظات کا اظہار کیا۔ اسفندیار کاکڑ نے الزام عائد کیا کہ برشور میں محکمہ کھیل کے تحت بھرتیوں میں مقامی افراد کو نظرانداز کرکے دیگر علاقوں کے لوگوں کو ملازمتیں دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے اور کسی قسم کی بدعنوانی برداشت نہ کی جائے۔اصغر ترین نے کہا کہ ضلع پشین میں بھرتیوں کے حوالے سے سنگین خدشات پائے جاتے ہیں۔ ان کے بقول ڈپٹی کمشنر، سیکرٹری اور کمیٹی کے ارکان کے مبینہ کوٹے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ملازمتوں کے حصول کے لیے امیدواروں کو دفاتر کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت کو نظرانداز کیا گیا اور اس معاملے پر ایوان میں بھی سوالات اٹھائے جا چکے ہیں۔رکن اسمبلی زرک مندوخیل نے محکمہ کھیل میں بھرتیوں پر اٹھائے گئے اعتراضات کا جائزہ لینے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلاس فور کی آسامیوں پر بھرتیوں کے معاملے میں ارکان اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا۔صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی نے ارکان اسمبلی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام بھرتیاں میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ کسی کو ملازمتیں فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کسی کے پاس نوکریاں فروخت کرنے کے ثبوت موجود ہیں تو وہ پیش کرے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ ان کے مطابق سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے عمل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے کہا کہ کسی بھی رکن اسمبلی کو غیر منتخب قرار دینے سے گریز کیا جائے۔ اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری نیحکومتی ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے مسائل وزیراعلی، کابینہ اور متعلقہ وزرا کے ساتھ بیٹھ کر حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کسی رکن اسمبلی کا ملازمتوں میں کوئی کوٹہ نہیں ہے۔ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے زور دیا کہ اسمبلی اجلاس کو قواعد و ضوابط کے مطابق چلایا جائے۔پاک ایران اور پاک افغان سرحدوں کی بندش کا معاملہ بھی اٹھا دیا گیاڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ایوان میں پاک افغان اور پاک ایران سرحدوں کی بندش کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ سرحدیں بند ہونے کے باعث تجارت اور آمدورفت متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر کی بندش سے ہزاروں گاڑیاں پھنس گئی ہیں، جبکہ شاہراہوں پر سامان سے لدی گاڑیوں کو نذر آتش کیے جانے کے واقعات بھی تشویش کا باعث ہیں۔اجلاس کے دوران رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے توجہ دلا نوٹس پیش کیا، جسے بعد ازاں نمٹا دیا گیا۔اسپکر نیبلوچستان اسمبلی کا اجلاس 22 اکتوبر 2026 کو سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
