پاکستان میں نوجوان یا تو سَتّو پی کر سو رہے ہیں یا اپنے حالات سے انتہائی مطمئن ہیں، غریدہ فاروقی
فرانس، اٹلی، سپین، بیلجیم، ارجنٹائن، البانیہ، برازیل، بھارت سمیت دنیا میں نوجوانوں کے بڑے بڑے احتجاج ہو رہے ہیں؛ اینکر پرسن کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے دنیا بھر میں جاری نوجوانوں کے احتجاجی تحاریک کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستانی نوجوانوں کی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپ کے مختلف ممالک بالخصوص فرانس، اٹلی، سپین اور بیلجیم میں حالیہ مہینوں اور سالوں کے دوران مہنگائی، بے روزگاری، روزگار کے کم ہوتے مواقع، تعلیمی اخراجات میں اضافے اور ماحولیاتی پالیسیوں کے خلاف نوجوانوں کی جانب سے شدید مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں، ان یورپی ممالک میں طلباء اور نوجوان سڑکوں پر آ کر حکومتی پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور اپنے معاشی و سماجی حقوق کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پرغریدہ فاروقی نے لکھا کہ فرانس، اٹلی، سپین، بیلجیم، ارجنٹائن، البانیہ، برازیل اور بھارت سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں نوجوان بڑے پیمانے پر اپنے حقوق، معاشی پالیسیوں اور مستقبل کے حوالے سے سڑکوں پر نکل کر احتجاج کر رہے ہیں۔
دنیا بھر میں نوجوانوں کی جانب سے اٹھائی جانے والی ان آوازوں کے برعکس انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کی موجودہ صورتحال پر منفرد انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے، اس سلسلے میں طنزیہ اور تنقیدی انداز اپناتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں نوجوان یا تو سَتّو پی کر سو رہے ہیں یا پھر اپنے موجودہ حالات سے انتہائی مطمئن ہیں۔
