اصغر خان اچکزئی کی گرفتاری سیاسی انتقام اور جمہوری آوازوں کو کچلنے کی سازش ہے: ایچ ڈی پی
مدعی کی جانب سے لاتعلقی کے باوجود گرفتاری حکومتی ہتھکنڈوں کو بے نقاب کرتی ہے، فوری رہائی عمل میں لائی جائے: بیان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کی چمن کی سیشن عدالت سے گرفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوری سیاسی جدوجہد کرنے والے کارکنوں کی آواز دبانے کی کوشش قرار دیا ہے۔پارٹی کے مرکزی بیان میں کہا گیا ہے کہ اصغر خان اچکزئی کو ایسے مقدمے میں گرفتار کیا گیا ہے جس میں مدعی پہلے ہی حلفیہ بیان کے ذریعے عدالت میں جمع کرا چکا ہے کہ اصغر خان اس مقدمے میں ملوث نہیں ہیں۔بیان کے مطابق اصغر خان اچکزئی صوبے میں جمہوری سیاسی جدوجہد اور عوام کے حق حکمرانی کے لیے آواز بلند کرنے والے سیاسی رہنما ہیں۔ ان کی گرفتاری سے اچھا پیغام نہیں گیا۔ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے کہا کہ وہ جمہوری سیاسی جدوجہد کرنے والی ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور توقع کرتی ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر کو فوری طور پر رہا کیا جائے گا۔بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔
