حکومت طاقت اور کردار کشی کے بجائے آئین و قانون کی بالادستی پر توجہ دے، اختلاف کو غداری کہنا بند کیا جائے: مولانا عبدالواسع

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے جامعہ تحسین القرآن پشتون باغ کے سالانہ دستارِ فضیلت اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدارسِ دینیہ کے پاکیزہ، مقدس اور علمی نظام پر ریاستی سطح پر داغ لگانے کی کوششیں صرف اور صرف امریکہ اور مغرب کی خوشنودی حاصل کرنے کے سوا کچھ نہیں، مدارسِ دینیہ اس ملک کی نظریاتی، دینی اور اخلاقی اساس کے محافظ ہیں، جہاں قرآن و سنت کی تعلیم کے ساتھ طلبہ کی کردار سازی، اخلاقی تربیت اور معاشرے کی اصلاح کا فریضہ انجام دیا جاتا ہے، ان اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنا اور ان کی خدمات کو مشکوک بنانے کی کوشش کرنا درحقیقت دینی تعلیم اور اسلامی اقدار سے وابستہ عوام کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ طاقت، دبا اور جھوٹ پر مبنی بیانیے کے ذریعے عوام پر اپنی مرضی کے نظریات مسلط نہیں کیے جا سکتے، ایسے اقدامات مسائل حل کرنے کے بجائے بے چینی، بداعتمادی اور ردعمل کو جنم دیتے ہیں، ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی، انصاف، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دے، نہ کہ اختلافِ رائے رکھنے والوں کو غداری کے القابات سے نواز کر ان کی ذاتی کردار کشی کی جائے۔ مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمہوری معاشروں میں اختلافِ رائے کو برداشت کرنا، دلیل کے ساتھ بات کا جواب دینا اور مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کرنا ہی سیاسی بلوغت اور حکمتِ عملی کی علامت ہے، لیکن افسوس کہ مکالمے اور برداشت کی فضا قائم کرنے کے بجائے مخالف آوازوں کو دبانے، ان کے خلاف منفی مہم چلانے اور ان کی حب الوطنی پر سوالات اٹھانے کا رجحان فروغ پا رہا ہے، جو کسی بھی صورت حکومت کو زیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ مدارسِ دینیہ نے ہمیشہ دینِ اسلام کی تعلیم، اخلاقی تربیت، خدمتِ خلق اور معاشرے میں امن و اصلاح کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، ان اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے ان کی خدمات کا اعتراف کیا جانا چاہیے، اگر کسی معاملے پر تحفظات موجود ہیں تو انہیں سنجیدہ مکالمے، شواہد اور آئینی و قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام دینی مدارس کے تشخص، آزادی اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا جمہوری اور پرامن کردار ادا کرتی رہے گی، مدارس کے خلاف کسی بھی امتیازی رویے اور منفی پروپیگنڈے کو قبول نہیں کیا جائے گا، حکومت کو چاہیے کہ وہ تصادم اور الزام تراشی کی سیاست سے گریز کرتے ہوئے اعتماد سازی، رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دے، کیونکہ ملک کا استحکام طاقت کے استعمال یا اختلاف کرنے والوں کی کردار کشی میں نہیں بلکہ انصاف، برداشت، مکالمے اور تمام طبقات کے آئینی حقوق کے احترام میں مضمر ہے۔دستار فضیلت اجتماع سے مولانا حافظ محمد یوسف، مولانا کلیم اللہ نقشبندی،حافظ مسعود احمد،حافظ محمد سلیم نے خطاب کیا بعد ازاں حاجی محمد حنیف کی رہائش گاہ پر عشائیہ دیا گیا۔
