پاکستان میں موسم کے حوالے سے بڑی خبر، کن علاقوں میں سردی بڑھے گی؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی تازہ صورتحال سے متعلق پیشگوئی جاری کر دی، جس کے مطابق بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کی رات ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی علاقوں میں سردی محسوس کی جائے گی۔

اتوار کے روز بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں موسم خشک رہے گا، جبکہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ تاہم صوبے کے پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں سردی رہے گی۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مری، گلیات اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم دن کے اوقات میں گرمی برقرار رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم خشک رہے گا، جبکہ شمالی اضلاع میں صبح اور رات کے وقت سردی محسوس کی جائے گی۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم خشک اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں بھی صبح اور رات کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا، جبکہ شمالی علاقوں میں صبح اور رات کے وقت سردی رہی۔ تاہم بالائی خیبرپختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔

سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے مالم جبہ میں 21 ملی میٹر اور بالاکوٹ میں 15 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ پنجاب کے شہر مری میں 12 ملی میٹر جبکہ نارووال میں 6 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسلام آباد کے سیدپور میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب آج لسبیلہ، تربت، حیدرآباد اور ٹھٹھہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert