شہباز شریف، حافظ نعیم الرحمن ملاقات آئندہ دو روز میں متوقع ہے ، لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان سے احسن اقبال، رانا ثنا اللہ خاں کا رابطہ


لاہور(قدرت روزنامہ)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے درمیان آئندہ دو روز میں ملاقات متوقع ہے جس میں پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا معاملہ زیر بحث آئے گا۔لیاقت بلوچ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنا اللہ خاں نے ان سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مجوزہ ملاقات کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومتی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کو گزشتہ دنوں جماعت اسلامی اور حکومتی کمیٹیوں کے درمیان اسلام آباد، لاہور میں ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کر دیا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی وزیراعظم سے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے ایجنڈے پر ملاقات کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ چاہتی ہے۔ جماعت اسلامی نے لیوی کے خاتمہ کے خلاف احتجاجی تحریک کے تیسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے، حکومت نے عوام کو ریلیف نہ دیا تو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ ہوگا۔

WhatsApp
Get Alert