نظر بندی کو سیاسی مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، عمران خان کی بہنوں کی نظر بندی میں توسیع پر شیخ وقاص اکرم کا ردعمل

لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی تینوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی ایم پی او کے تحت نظر بندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
اپنے ایکس بیان میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ کو آج اس پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، جس کے بعد تینوں بہنوں کی رہائی کے لیے دائر درخواست نمٹا دی گئی۔یہ کوئی انفرادی واقعہ نہیں بلکہ پنجاب بھر میں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن اور سیاسی کارکن بھی ایم پی او کی دفعہ 3 کے تحت زیر حراست ہیں۔ ان میں سے متعدد افراد کے خلاف مقدمات درج نہیں اور انہیں اہل خانہ اور وکلا تک رسائی میں بھی پابندیوں کا سامنا ہے۔
شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ احتیاطی نظر بندی کو منظم انداز میں سیاسی دباؤ اور مخالفین کو دبانے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ عمران خان کی تینوں بہنوں کو محض ان کے خاندانی تعلق کی بنیاد پر زیر حراست رکھنا، جبکہ متعدد کارکنوں کو سیاسی وابستگی کی وجہ سے جیلوں میں بند کیا جانا، ان کے بقول، امن و امان برقرار رکھنے کے بجائے اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔عمران خان کی تینوں بہنوں سمیت تمام زیر حراست سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
