لام فیشن ویک میں پاکستانی ستاروں کی کہکشاں، کس اداکارہ نے کیا پہنا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کے معروف اداکاروں اور اداکاراؤں نے لام فیشن ویک 2026 میں ریمپ پر جلوے بکھیر کر تقریب کو یادگار بنا دیا۔ ایمن خان، سجل علی، صبور علی، زارا نور عباس اور نعیمیر خان سمیت کئی معروف شخصیات نے مختلف فیشن برانڈز کے ملبوسات پیش کیے۔
پاکستان کی معروف فیشن ای کامرس مارکیٹ پلیس لام نے 23 سے 26 اکتوبر تک لاہور میں فیشن ویک کا انعقاد کیا، جس میں ملک کے نامور ڈیزائنرز اور فیشن برانڈز کے ملبوسات پیش کیے گئے۔

اس ایونٹ کا مقصد فیشن کی دنیا کو ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے جوڑنا ہے، تاکہ دنیا بھر میں موجود صارفین ریمپ پر پیش کیے جانے والے ملبوسات کو لام کی ویب سائٹ اور ایپ کے ذریعے دیکھنے کے ساتھ خرید بھی سکیں۔
فیشن ویک کے آخری روز متعدد معروف فنکاروں نے ریمپ پر واک کی۔ اداکارہ ایمن خان نے ایریم خان کوچر کا لباس زیب تن کیا، جبکہ سجل علی جوگنو اسٹوڈیوز کے ملبوسات میں نظر آئیں۔
اداکارہ صبور علی نے ماریہ اسامہ کا تیار کردہ لباس پہنا، جبکہ زارا نور عباس نے حسینز آفیشل کا مغل طرز سے متاثر لباس پیش کیا۔ اداکار نعیمیر خان نے ایڈن روب کے لیے ریمپ واک کی۔
تقریب میں معروف شخصیات کے منفرد انداز، دیدہ زیب ملبوسات اور روایتی پاکستانی فیشن کی جھلک نمایاں رہی۔ ایونٹ نے پاکستانی ڈیزائنرز کو اپنے کام کی نمائش اور صارفین تک براہ راست رسائی کا موقع بھی فراہم کیا۔
لام فیشن ویک کے ذریعے روایتی پاکستانی ملبوسات کو جدید ڈیجیٹل شاپنگ کے ساتھ جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے، جس سے مقامی فیشن انڈسٹری کو عالمی خریداروں تک پہنچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert