پنجاب پولیس نے ای چالان چیک کرنے کا آسان طریقہ متعارف کرا دیا، شہری موبائل ایپ سے تفصیلات حاصل کر سکیں گے


لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب پولیس نے شہریوں کو ٹریفک ای چالان آن لائن چیک کرنے کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں کے مالکان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (پی ایس سی اے) کی پبلک سیفٹی ایپ کے ذریعے اپنے ای چالان کی تفصیلات موبائل فون پر باآسانی معلوم کر سکتے ہیں۔
پنجاب پولیس نے منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ شہری پبلک سیفٹی ایپ کھول کر اس میں موجود ”سرچ چالان“ (Search Challan) کے آپشن پر کلک کرکے اپنے ای چالان کا ریکارڈ چیک کر سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق اس سہولت کا مقصد شہریوں کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں سے متعلق معلومات تک رسائی آسان بنانا ہے، تاکہ انہیں اپنے ای چالان کی تفصیلات معلوم کرنے کے لیے کسی دفتر جانے کی ضرورت نہ پڑے اور وہ گھر بیٹھے ہی موبائل فون کے ذریعے یہ معلومات حاصل کر سکیں۔

پنجاب پولیس نے شہریوں کی توجہ اس سہولت کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ اب اپنی گاڑی کا ای چالان چیک کرنا پہلے سے زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
یہ سہولت پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے فراہم کی گئی ہے۔ پبلک سیفٹی ایپ میں ای چالان کی معلومات سمیت عوامی تحفظ اور شہریوں کی معاونت کے لیے مختلف خدمات بھی دستیاب ہیں۔
والٹن روڈ پر 113 ای چالان کے حامل موٹر سائیکل سوار کو گرفتار کرلیا گیا
دوسری جانب، رواں ماہ کے آغاز میں لاہور ٹریفک پولیس نے والٹن روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسے موٹر سائیکل سوار کو پکڑا تھا جس کے ذمے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے 113 ای چالان واجب الادا تھے۔
پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار کے خلاف درج چالانوں میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے کے 89 جبکہ ٹریفک سگنل کی خلاف ورزی کے 24 چالان شامل تھے۔
حکام نے موٹر سائیکل سوار پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 90 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جبکہ موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔
پولیس نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور اپنی گاڑیوں کے ای چالان باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں، تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
Link of Public Safety App: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.psca.ppic3.publicsafety&hl=en

WhatsApp
Get Alert