سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں کارروائیاں جاری، ایک دہشتگرد ہلاک

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری،فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ تھری کے تحت فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے بولیدہ کے مینازمیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،جہاں دہشت گردوں نے دو خواتین کو اپنے ہمراہ لے جاتے ہوئے ناکہ بندی کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نےفرار ہونے والے دہشتگردوں کا تعاقب کیا،اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا،ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیاگیا،علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کاکہنا ہے کہ بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
