اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے بڑی سہولت، 120 روز تک موبائل فون ٹیکس کے بغیر استعمال کرنے کی اجازت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اوورسیز پاکستانیوں اور پاکستان آنے والے غیر ملکی شہریوں کے لیے موبائل فون کی عارضی رجسٹریشن کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اہل افراد اپنے موبائل فون پر لاگو فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ٹیکس ادا کیے بغیر 120 روز تک موبائل سروسز استعمال کر سکیں گے۔
پی ٹی اے کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق مفت اور خودکار عارضی موبائل رجسٹریشن سسٹم ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے آن لائن پورٹل کے ذریعے دستیاب ہے۔ اس سہولت کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کو پاکستان میں اپنے قیام کے دوران موبائل فون استعمال کرنے میں آسانی فراہم کرنا ہے۔
عارضی موبائل رجسٹریشن کے لیے درخواست کیسے دیں؟
پی ٹی اے کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کو اتھارٹی کے سرکاری DIRBS پورٹل پر جا کر اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔ اس کے بعد Temporary Registration for Overseas Pakistanis and Foreign Nationals کے نام سے موجود آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اوورسیز پاکستانیوں کو اپنا قومی شناختی کارڈ (CNIC) یا نائیکوپ (NICOP) نمبر اور پاسپورٹ کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی، جو ان کے امیگریشن ریکارڈ سے مطابقت رکھتی ہوں۔ دوسری جانب غیر ملکی شہریوں کو اپنے پاسپورٹ کی معلومات درج کرنا ہوں گی۔
ای میل یا ایس ایم ایس کے ذریعے اکاؤنٹ کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد درخواست گزار پورٹل پر لاگ اِن کرکے اپنے موبائل فون کا انٹرنیشنل موبائل ایکوئپمنٹ آئیڈینٹی (IMEI) نمبر درج کریں گے۔ یہ نمبر معلوم کرنے کے لیے موبائل فون پر *#06# ڈائل کیا جا سکتا ہے۔

درخواست گزار کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ ان کا موبائل فون سنگل سم ہے یا ڈوئل سم، تاکہ ڈیوائس کی درست تفصیلات فراہم کی جا سکیں۔
اگلے مرحلے میں درخواست گزار کو پاکستان کا ایسا موبائل نمبر فراہم کرنا ہوگا جو ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو۔ اس کے بعد متعلقہ موبائل نیٹ ورک آپریٹر کا انتخاب کرکے درخواست جمع کرانا ہوگی۔ درخواست کی تصدیق کے لیے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے ذریعے تصدیقی عمل بھی مکمل کرنا ہوگا۔
تمام فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کے بعد موبائل فون کو اس سہولت کے تحت عارضی طور پر رجسٹر کر دیا جائے گا۔
ہر دورے کے دوران 120 روز تک رجسٹریشن مؤثر
پی ٹی اے کے مطابق عارضی موبائل رجسٹریشن کی مدت پاکستان کے ہر دورے کے دوران زیادہ سے زیادہ 120 روز تک ہوگی۔ اس مدت کے دوران اہل اوورسیز پاکستانی اور غیر ملکی شہری منظور شدہ سہولت کے تحت متعلقہ ڈیوائس پر لاگو ٹیکس ادا کیے بغیر موبائل سروسز استعمال کر سکیں گے۔
اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند افراد مزید معلومات اور درخواست دینے کے لیے پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.pta.gov.pk سے رجوع کر سکتے ہیں۔
پی ٹی اے کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس نظام کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی مہمانوں کو پاکستان میں عارضی قیام کے دوران اپنے موبائل فون استعمال کرنے کے لیے سہولت فراہم کی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert