نامور پشتون مورخ، محقق اور مصنف عبدالعزیز لونی کی وفات بڑا قومی ضیاع ہے: پشتونخوا نیپ
تاریخ، تحقیق اور انتظامی امور میں ان کی گرانقدر خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے نامور پشتون مورخ، بلند پایہ علمی و قومی شخصیت، مصنف اور ریٹائرڈ سیکرٹری عبدالعزیز لونی کی وفات کو ایک بہت بڑا قومی ضیاع قرار دیتے ہوئے ان کی ناقابلِ فراموش قومی خدمات پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ عبدالعزیز لونی نے پشتون افغان تاریخ کے حوالے سے نہایت اہم تاریخی کتابیں تصنیف کی ہیں۔ وہ افغان تاریخی سرزمین کے اہم سنگر سبی میں پیدا ہوئے، جو قدیم ادوار سے پنی افغان کے اہم قبائل باروزئی، خجک، لونی اور دیگر پنی قبائل کا مسکن رہا ہے۔محترم عبدالعزیز لونی نے افغان غیور ملت کی تاریخ کے تمام ادوار، خصوصاً سبی کی تاریخ کو اجاگر کیا ہے اور افغان تاریخ کے حوالے سے غیروں کے تمام بے بنیاد دعووں اور تاریخی مغالطوں کو مستند حقائق پیش کرکے رد کیا ہے۔ مرحوم عبدالعزیز لونی کی تصنیف کردہ کتب، برٹش بلوچستان، دروں کے افغان، عمرے عزیز اور دیگر تصانیف، پشتون افغان ملت کا ایک عظیم علمی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے تاریخی حوالوں اور مستند حقائق سے ثابت کیا ہے کہ سبی قدیم ادوار سے افغان سرزمین کا ایک اہم مرکز اور قومی سنگر رہا ہے۔پارٹی نے کہا کہ مرحوم کی علمی و تحقیقی خدمات پشتون قومی تاریخ کا اہم سرمایہ ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی وفات سے پشتون قوم ایک ایسے محقق اور مورخ سے محروم ہو گئی ہے، جس نے اپنی زندگی تاریخ کے اہم حقائق کو محفوظ کرنے اور نئی نسل تک پہنچانے کے لیے وقف کر رکھی تھی۔محترم عبدالعزیز لونی پشتون قومی سیاسی تحریک کے عظیم رہنماؤں عبدالرحیم خان مندوخیل، سائیں کمال خان شیرانی اور خالد خان کاکڑ کے قریبی رفیق رہے ہیں۔ وہ نہایت دیانت دار اور باصلاحیت سرکاری افسر تھے اور انہوں نے صوبے کے تمام علاقوں میں نہایت قابلِ قدر خدمات سرانجام دیں۔ وہ صوبے کے اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔ ان کی انتظامی خدمات بھی قابلِ قدر ہیں۔ پشتون قومی سیاسی تحریک مرحوم لونی کی تاریخی، علمی اور ادبی خدمات کی یاد اور ان کی علمی و قومی شخصیت کو ہمیشہ تازہ رکھے گی۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی مرحوم کے فرزندان سیدال خان لونی سیکرٹری مائنز ڈیپارٹمنٹ، اور اسد خان لونی، کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر، سمیت تمام اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دُعا گوہے۔
