بڑے بڑے لوگ جو میرے ساتھ رابطے میں تھے، اب مجھے اکیلا چھوڑ گئے ہیں، مسٹر پتلو کا شکوہ

ہو سکتا ہے یہ میری آخری ویڈیو ہو، مجھے مار دیا جائے یا میں خودکشی کرلوں، میں اس وقت ایک گاؤں میں اکیلا ہوں، بستر سے اٹھنے اور چلنے سے قاصر ہوں؛ فیلڈ مارشل اور وزیراعلیٰ پنجاب سے انصاف کی اپیل


سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد معروف ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی ایک روتے ہوئے ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے واقعے پر شدید دکھ اور بے بسی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ ہو سکتا ہے یہ میری آخری ویڈیو ہو، مجھے مار دیا جائے یا میں خودکشی کرلوں، بڑے بڑے لوگ جو میرے ساتھ رابطے میں تھے، مجھے استعمال کرتے تھے، اب مجھے اکیلا چھوڑ گئے ہیں، میں اس وقت ایک گاؤں میں اکیلا ہوں، بستر سے اٹھنے اور چلنے سے قاصر ہوں، اس لیے پولیس کے سامنے پیش نہیں ہو سکتا، مجھے کیس میں نامزد کر دیا گیا۔
سماجی رابطے کی مختلف ویب سائٹس پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں ٹک ٹاکر مسٹر پتلو پھوٹ پھوٹ کر روتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے حکومتی پالیسیوں اور ریاست کا دفاع کرتا آیا ہوں لیکن ڈسکہ میں پیش آنے والے اس ناگہانی حادثے کو میرے اوپر ڈال دیا گیا ہے، اس سانحے میں میرا کوئی ذاتی قصور نہیں ہے اور نہ ہی میں نے کبھی ایسا خوفناک واقعہ سوچا تھا۔

ویڈیو کے دوران مسٹر پتلو نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے اپیل کی کہ اس پورے حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، میں ایک انتہائی غریب پس منظر سے اٹھ کر اس مقام تک پہنچا ہوں، لیکن اس المناک واقعے کے بعد میرے تمام ساتھی اور بڑے لوگ اس کڑے وقت میں مجھے تنہا چھوڑ کر الگ ہو چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں آنے والے تمام لوگ میرے مہمان تھے اور میں نے اپنی خوشیاں اپنے غریب عوام کے ساتھ سانجھ کرنے کی کوشش کی تھی مگر حالات اس نہج پر پہنچ جائیں گے اس کا انہیں اندازہ نہیں تھا، اگر قانون یا انصاف کا تقاضا یہی ہے تو میں ہر قسم کی سزا بھگتنے یا مرنے کے لیے بھی تیار ہیں لیکن اتنی ہی التجا ہے کہ اس حادثے کو غلط رنگ نہ دیا جائے۔
یاد رہے کہ مستر پتلو کی مہندی کی تقریب میں قیمتی انعامات اور بھاری رقم کے اعلانات کے بعد ہزاروں افراد کا جمِ غفیر امڈ آیا تھا، جس کے نتیجے میں مچنے والی بھگدڑ سے 2 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب سیالکوٹ میں معروف ٹک ٹاکر انصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کی مہندی کی تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے کیونکہ تقریب میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں سمیت مختلف انعامات کی قرعہ اندازی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے باعث بڑی تعداد میں شہری تقریب کے مقام پر پہنچ گئے۔
ابتدائی اطلاعات سے پتہ چلا کہ داخلی دروازے کھلنے کے بعد لوگوں نے ایک ساتھ اندر داخل ہونے کی کوشش کی، جس سے شدید دھکم پیل شروع ہوگئی، ہجوم کے دباؤ کے باعث کئی افراد زمین پر گر گئے اور متعدد زخمی ہوئے، واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی اور تشویشناک حالت والے افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

WhatsApp
Get Alert