مسٹر پتلو کی مبینہ پہلی بیوی سامنے آگئی، ٹک ٹاکر پر سنگین الزامات عائد کردیئے
2021 میں مسٹر پتلو سے شادی ہوئی، شہرت اور دولت ملنے کے بعد ان کے رویے میں تبدیلی آئی اور دوسری خواتین سے تعلقات بنانا شروع کردیئے، مجھے لاعلم رکھ کر طلاق دے دی گئی؛ خاتون کی گفتگو

سیالکوٹ (قدرت روزنامہ)سیالکوٹ میں مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے بھگدڑ کے واقعے کے بعد ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی مشکلات میں اس وقت مزید اضافہ ہوگیا جب ان کی مبینہ پہلی اہلیہ منظرِ عام پر آ گئیں اور انہوں نے ٹک ٹاکر پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کردیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سوشل میڈیا پر دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں مسٹر پتلو کی پہلی بیوی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی شادی 10 نومبر 2021ء کو ہوئی تھی اور یہ رشتہ تقریباً چار سال تک قائم رہا، انہوں نے اس وقت اپنے شوہر کا بھرپور ساتھ دیا جب وہ مالی مشکلات اور کسمپرسی کا شکار تھے لیکن جب ٹک ٹاکر کو سوشل میڈیا پر شہرت اور دولت ملی تو ان کے رویے میں زمیں آسمان کا فرق آ گیا۔
مسٹر پتلو کی سابقہ اہلیہ کا کہنا ہے کہ کامیابی کے نشے میں چُور ہونے کے بعد مسٹر پتلو نے دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات استوار کرنا شروع کردیئے، جب شوہر کے غیر اخلاقی تعلقات پر آواز اٹھائی اور انہیں سوشل میڈیا پر اپنی شادی کا اقرار کرنے کا کہا تو وہ مجھ پر تشدد کرنے اور مختلف طریقوں سے اذیت دینے لگے، مجھے دھمکیاں دیں کہ اگر میں نے زیادہ شور مچایا تو وہ نجی لمحات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک کردیں گے اور اہل خانہ کو بھی بھیج دیں گے۔
خاتون نے کہا کہ اس شدید ذہنی دباؤ اور بلیک میلنگ کی وجہ سے گہرے ذہنی بحران میں مبتلا ہوئی اور گزشتہ ڈیڑھ سال سے مسلسل نیند کی گولیاں استعمال کرنے پر مجبور ہوں جن کا تمام طبی ریکارڈ برطانیہ میں موجود ہے، مسٹر پتلو نے مجھے طلاق دیئے بغیر یا اس کی باقاعدہ اطلاع دیئے بغیر چپکے سے طلاق نامہ بنوا لیا اور وہ بیرونِ ممالک دیگر خواتین کے ساتھ تعلقات قائم کرتا رہا۔
انہوں نے اس بات پر شدید دکھ کا اظہار کیا کہ جس شریکِ حیات نے برے وقت میں ساتھ نبھایا، اسے اس طرح بے دردی سے ٹھکرا دیا گیا، میں اب میڈیا اور سوشل میڈیا پر اس لیے سامنے آئی ہوں تاکہ دیگر معصوم لڑکیاں ان جیسے افراد کے فریب سے محفوظ رہ سکیں، عوام سوشل میڈیا کی چمک دمک اور فیک پروپیگنڈے پر اندھا اعتماد کرنے سے پہلے زمینی حقائق کا بغور جائزہ لیا کریں۔
