فیول سبسڈی سکیم کے تحت عوام کو 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کرچکے ہیں، مقامی ریفائنریز ماہانہ 15 ارب روپے کا اضافی بوجھ خود برداشت کریں گی: عطا اللہ تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا مشن عالمی حالات کے باعث پیدا ہونے والا معاشی بوجھ کم سے کم عوام پر منتقل کرنا ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کے ممکنہ اضافے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈالا گیا، جبکہ مقامی ریفائنریز ماہانہ 15 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ خود برداشت کرکے صارفین کو ریلیف فراہم کریں گی۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی اسکیم شروع کی، جس کے لیے متعلقہ محکموں نے باہمی تعاون سے اقدامات کیے۔یہ سکیم موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کے لیے شروع کی گئی ہے، جس سے اب تک ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد مستفید ہو چکے ہیں۔فیول سبسڈی سکیم کے تحت عوام کو اب تک 27 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا جا چکا ہے، جبکہ موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول پر ہفتہ وار 500 روپے رعایت دینے کا نظام بھی وضع کر دیا گیا ہے۔حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافے کو روکا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن یہی ہے کہ عالمی سطح پر پیدا ہونے والے معاشی دباؤ اور اضافی اخراجات کا بوجھ عوام تک منتقل ہونے سے روکا جائے۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر پیٹرول کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر کے ممکنہ اضافے کا بوجھ صارفین پر منتقل نہیں کیا گیا اور عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باوجود ملکی سطح پر قیمتیں مستحکم رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق مقامی ریفائنریز ماہانہ 15 ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ خود برداشت کریں گی تاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔عالمی حالات اور خطے کی صورتحال کے باوجود پاکستان کی معیشت کے بنیادی اشاریئے مستحکم سطح پر موجود ہیں۔علاقائی صورتحال کے معاشی اثرات کے باوجود پاکستان کی معیشت بڑے نقصان سے محفوظ رہی ہے، جبکہ دنیا کے کئی ممالک میں معاشی بحران پیدا ہونے کے باوجود پاکستان کی حکومتی پالیسیاں کامیاب ثابت ہوئی ہیں۔حکومت بین الاقوامی حالات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے اور عوام کو ان کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزیراعظم کی قیادت میں حکومت معاشی دباؤ کو کم سے کم عوام تک منتقل کرنے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات محدود رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
