کوئٹہ، فیک نیوز کا پھیلاو بڑا چیلنج بن چکا، حکومت کو قانونی کارروائی کا پورا حق حاصل ہے،تین صحافیوں کے خلاف غلط خبریں نشر کرنے پر این سی سی آئی اے کے تحت مقدمات درج، شاہد رند

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)معاون وزیراعلی بلوچستان شاہد رند نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر فیک نیوز(جعلی خبروں)کا بے دریغ پھیلا وحکومت کے لیے ایک بڑا اور سنگین چیلنج بن چکا ہے، جس کے خلاف قانون کے مطابق سخت قدم اٹھایا جا رہا ہے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد رند نے کہا کہ واٹس ایپ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں اور اس کا پھیلا ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ملک میں قانون موجود ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔ حکومت کے پاس فیک نیوز کے خلاف قانونی کارروائی کا پورا حق حاصل ہے اور کسی کو بھی من گھڑت مواد پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔معاون وزیراعلی بلوچستان نے انکشاف کیا کہ بلوچستان کے تین صحافیوں کے خلاف مبینہ طور پر غلط اور بے بنیاد خبریں نشر کرنے پر باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ جن صحافیوں کے خلاف اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان میں آغا عبید، ثنا اللہ اچکزئی اور مقبول جعفر شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیک نیوز پھیلانے پر تینوں افراد کے خلاف این سی سی آئی اے (NCCIA) کے ذریعے باضابطہ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور معاملے کی قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔
