فیلڈ مارشل عاصم منیر سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر کی ملاقات، پاک چین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو ہائی شینگ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی و عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال اور پاکستان و چین کے درمیان تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں دونوں شخصیات نے پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ تزویراتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور آزمودہ تعلقات وقت کی ہر کسوٹی پر پورے اترے ہیں۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط برقرار رکھنے اور ادارہ جاتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور چینی وزیر لیو ہائی شینگ نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر لیو ہائی شینگ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تزویراتی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
