کوئٹہ، بلوچستان ہائی کورٹ میں حلقہ پی بی 42 سے متعلق انتخابی عذرداری باقاعدہ سماعت کے لیے منظور
مسلم لیگ(ن)کے ایم پی اے زرک خان مندوخیل کو نوٹس جاری، چیف جسٹس کامران ملاخیل پر مشتمل بینچ کا حکم

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان ہائی کورٹ نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42 کوئٹہ فائیو سے متعلق انتخابی عذرداری باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کے رکن صوبائی اسمبلی زرک خان مندوخیل کو نوٹس جاری کردیا۔انتخابی عذرداری کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس کامران ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ حلقہ پی بی 42 کوئٹہ سے مسلم لیگ (ن)کے زرک خان مندوخیل کی کامیابی اور ان کے کاغذاتِ نامزدگی کو شکور اللہ کی جانب سے چیلنج کیا گیا ہے۔فاضل بینچ نے شکور اللہ کی جانب سے دائر انتخابی عذرداری کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے زرک خان مندوخیل کو سیکرٹری صوبائی اسمبلی بلوچستان کے ذریعے نوٹس جاری کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹسز جاری کردیے۔عدالتی کارروائی کے بعد انتخابی عذرداری کی مزید سماعت آئندہ مرحلے میں ہوگی۔
