ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز، عبدالصمد پاکستان شاہینز کے کپتان مقرر، 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قطر میں ہونے والے 50 اوورز کے مینز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان شاہینز کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے، جس کی قیادت عبدالصمد کریں گے۔

پی سی بی کے مطابق آٹھ ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 19 سے 29 نومبر تک قطر میں کھیلا جائے گا، قومی سلیکٹرز نے اسکواڈ میں زیادہ تر ایسے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے جو بین الاقوامی کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں۔

پاکستان شاہینز کی بیٹنگ لائن اپ میں حسن نواز، حیدر علی، معاذ صادق، شمائل حسین، فرحان یوسف اور شاہ زیب خان شامل ہیں۔

حسن نواز نے حالیہ سہ ملکی سیریز میں ایک سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی ون ڈے ٹیم میں واپسی کی تھی جبکہ فرحان یوسف اور شاہ زیب خان وہ دو کھلاڑی ہیں جنہوں نے تاحال پاکستان کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو نہیں کیا۔

محمد حسنین بولنگ اٹیک کی قیادت کریں گے
فاسٹ بولر محمد حسنین کو بولنگ شعبے کا اہم حصہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے 2019 میں ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا تھا۔

ان کے علاوہ احمد دانیال، عاقف جاوید اور سفیان مقیم بھی اسکواڈ میں شامل ہیں، سفیان مقیم حالیہ سہ ملکی سیریز کے راولپنڈی مرحلے کے لیے پاکستان کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔

اسکواڈ میں تین آل راؤنڈرز محمد عمران، سعد مسعود اور دانش عزیز کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ سابق قومی انڈر 19 کپتان روہیل نذیر واحد وکٹ کیپر ہوں گے۔

محمد عمران نے ستمبر میں انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا، جبکہ گزشتہ ماہ سری لنکا کے خلاف انہیں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے کا بھی موقع ملا۔

پاکستان شاہینز ٹائٹل کا دفاع کریں گے
پاکستان شاہینز کو گروپ بی میں بھارت اے، متحدہ عرب امارات اور نیپال کے ساتھ رکھا گیا ہے۔

پاکستان اپنی ٹائٹل مہم کا آغاز 20 نومبر کو متحدہ عرب امارات کے خلاف کرے گا جبکہ 22 نومبر کو بھارت اے سے مقابلہ ہوگا۔ گروپ مرحلے کا آخری میچ 25 نومبر کو نیپال کے خلاف کھیلا جائے گا۔

گروپ اے میں بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے، افغانستان اے اور ہانگ کانگ چائنا شامل ہیں۔

دونوں گروپس کی ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 26 اور 27 نومبر کو شیڈول ہیں جبکہ فائنل سمیت ٹورنامنٹ کا اختتام 29 نومبر کو ہوگا۔

پاکستان شاہینز 2023 میں بھارت اے کو شکست دے کر چیمپئن بنے تھے
پاکستان شاہینز کے پاس ٹی ٹوئنٹی اور 50 اوورز دونوں فارمیٹس کے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز ٹائٹلز موجود ہیں۔

ٹیم نے 2023 میں سری لنکا کے شہر کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے 50 اوورز کے فائنل میں بھارت اے کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔ اب ٹیم ایک بار پھر ٹائٹل کا دفاع کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔

پاکستانی ٹیم کا پندرہ رکنی اسکواڈ عبدالصمد (کپتان)، احمد دانیال، عاقف جاوید، دانش عزیز، فرحان یوسف، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صادق، محمد حسنین، محمد عمران، روہیل نذیر (وکٹ کیپر)، سعد مسعود، شاہ زیب خان، شمائل حسین اور سفیان مقیم پر مشتمل ہے۔

WhatsApp
Get Alert