بیشتر شہروں میں موسم خشک، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، اسلام آباد میں موسم خشک، صبح اور رات کے اوقات میں خنکی برقرار رہنےکی توقع ہے۔

بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، چترال، دیر، سوات، کوہستان اور کرم میں ہلکی بارش متوقع ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں رات کے دوران ہلکی بارش کا امکان ہے۔

لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ میں صبح کے وقت دھند اور اسموگ کا امکان ہے، مری اورگلیات میں مطلع جزوی ابر آلود، صبح اور رات کے اوقات میں سردی رہےگی۔

شمالی بلوچستان میں موسم سرد، کوئٹہ، چمن، پشین اور ژوب میں ہلکی بارش متوقع ہے، سندھ کےبیشترعلاقوں میں موسم خشک، جنوبی اضلاع میں دن کےوقت موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔

شہر قائد میں آج بھی گرمی کا راج ہے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 5 نومبر کے بعد سے شہر میں مغربی ہواؤں کے باعث موسم بہتر ہونے کا امکان ہے۔

WhatsApp
Get Alert