ریفائنریوں کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے تو پیٹرول 50 روپے فی لیٹر سستا مل سکتا ہے: پیٹرولیم ڈیلرز

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے تمام آئل ریفائنریوں کے مالی معاملات کا شفاف اور جامع فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو پیٹرول 50 روپے فی لیٹر تک سستا مل سکتا ہے۔ نائب چیئرمین انور کمال نے کہا کہ ریفائنریوں کے منافع کی تحقیقات کے بغیر صرف 15 روپے فی لیٹر ریلیف کی بات کرنا این آر او کے مترادف ہے۔

منگل کے روز کراچی میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں ریفائنریوں کے مبینہ غیر معمولی منافع کی تحقیقات اور پیٹرولیم سیکٹر کی فیصلہ ساز کمیٹیوں میں ڈیلرز کے نمائندے شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک خدا بخش نے کہا کہ ریفائنریوں نے 3 ماہ میں سال بھر کے برابر منافع کمایا، اس لیے ان کے مالی معاملات کی حقیقت سامنے لانے کے لیے فوری فرانزک آڈٹ ضروری ہے۔

نائب چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن انور کمال نے کہا کہ عوام کو صرف 15 روپے فی لیٹر نہیں بلکہ 40 سے 50 روپے تک ریلیف مل سکتا ہے۔ ان کے مطابق ریفائنریوں کے منافع کی تحقیقات کیے بغیر صرف 15 روپے فی لیٹر ریلیف کی بات کرنا این آر او دینے کے مترادف ہے۔

ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین طارق حسن نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینا ریفائنریوں پر بوجھ نہیں بلکہ عوام کا اپنا پیسہ واپس کرنا ان کا حق ہے۔

ڈیلرز نے مطالبہ کیا کہ تمام ریفائنریوں کے مالی معاملات کا شفاف اور جامع فرانزک آڈٹ کرایا جائے تاکہ ماضی میں حاصل کیے گئے منافع کی حقیقت سامنے آسکے اور مستقبل میں عوام کو اضافی مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔

ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ ریفائنریوں کے منافع کی تحقیقات کے ذریعے یہ واضح ہونا چاہیے کہ پیٹرولیم سیکٹر میں منافع کس بنیاد پر حاصل کیا گیا۔ ڈیلرز کے مطابق ریفائنریوں نے مبینہ طور پر ناجائز منافع کمایا، اس لیے عوام کو ان کا حق واپس دلایا جائے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم سیکٹر سے متعلق پالیسی سازی اور فیصلہ سازی کے عمل میں ڈیلرز کی نمائندگی یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔

ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ اس شعبے کے اہم اسٹیک ہولڈرز کو پالیسی سازی سے باہر نہیں رکھا جانا چاہیے اور فیصلہ ساز کمیٹیوں میں پیٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کو شامل کیا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز 2 نومبر کو اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا تھا کہ مشکل وقت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئل ریفائنریز سے بھی تعاون کی درخواست کی ہے، آئل ریفائنریز کے تعاون سے عوام کو 15 روپے فی لیٹر سستا پیٹرول فراہم کرنے کے قابل ہوں گے، حکومت کے نئے فارمولے کے تحت پیٹرول 15 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں عوام پر 15 روپے فی لیٹر کا بوجھ نہیں ڈال سکتے تھے، آئل ریفائنریز نے 3 ماہ میں جتنا منافع کمایا، اتنا گزشتہ کئی برسوں میں نہیں کمایا تھا جب کہ ریفائنریز کا 3 ماہ کا منافع پورے ایک سال کے منافع سے بھی زیادہ تھا، عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے شفاف انداز میں آگے بڑھیں گے اور آئل ریفائنریز کے منافع کے ساتھ عوام کو بھی ریلیف ملنا چاہیے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی کے وفد کی ملاقات
دوسری جانب نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، عام آدمی کو ریلیف دینے اور کم آمدنی والے شہریوں پر معاشی بوجھ کم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے وفد کی قیادت لیاقت بلوچ نے کی جب کہ ملاقات میں دونوں فریقین نے پیٹرولیم مصنوعات اور توانائی کی قیمتوں کے باعث عوام کو درپیش معاشی مشکلات پر گفتگو کی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات پر مشاورت کی۔

دونوں جانب سے توانائی کی قیمتوں اور عوامی ریلیف کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آئندہ دنوں میں بھی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عالمی معاشی چیلنجز کے دوران عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دینے اور عام شہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں قومی معاشی چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مسلسل بات چیت کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔

ملاقات میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، بین الصوبائی رابطے کے امور پر وزیراعظم کے مشیر، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری پیٹرولیم خصوصی نے بھی شرکت کی۔

WhatsApp
Get Alert