سینیٹر کامران مرتضی کا گھروں اور خواتین کی ویڈیوز بنانے پر ڈیجیٹل میڈیا کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جے یو آئی ف کے رہنماء سینیٹر کامران مرتضی کا کہنا ہے کہ لوگوں کی چادر چار دیواری کا تحفظ کیا جائے ورنہ ان کے گلے پڑے گا، ڈیجیٹل میڈیا پر ہمارے خلاف پروگرامز ہو رہے ہیں، ہم کو پتا ہے ان کو ادائیگیاں قوم کے پیسوں سے اور کہاں سے ہوتی ہیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر جو ہمارے خلاف پروگرامز کررہے ہیں اس کیخلاف ایکشن لے رہے ہیں، یہ کالا ڈیجیٹل میڈیا ہمارے خلاف استعمال ہورہا ہے، ہم کو پتا ہے ان کو ادائیگیاں قوم کے پیسوں سے ہوتی ہیں، اور پیمنٹ کہاں سے ہوتی ہے، کہاں ان کے لئے بنگلے لئے ہوئے ہیں، وہ عیاشی کے اڈے ہیں، یہ الگ سے معاملات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کی چادر چار دیواری کا تحفظ کیا جائے ورنہ ان کے گلے پڑے گا۔
کامران مرتضیٰ نے کہا کہ ہم نے پروگرام دے دیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان تمام وکلاء بارز سے خطاب کریں گے، آگاہی مہم شروع کررہے ہیں، مولانا پورے پاکستان میں جائیں گے اور وکلاء ان کے ساتھ ہوں گے۔ مولانا چھوٹے لیول کے معاملات پر کبھی بات نہیں کرتے ، مولانا قومی معاملات پر بات کررہے ہیں۔
لیکن اگر کوئی ہمارے گھروں اور خواتین کی فوٹو، ویڈیوز بنانے لگ جائے، اور خواتین پر انگلیاں اٹھائے تو یہ ایک بدتہذیبی ہے، اس سے الگ سے نمٹا جائے گا۔ باقی معاملات قومی نوعیت کے ہیں،پارلیمان، قوم اور آئین قانون کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔
مولانا فضل الرحمن سمیت جے یو آئی رہنماؤں کی خواتین کی خفیہ ویڈیوز بنانے کے خلاف کالا چینل آزاد ڈیجیٹل میڈیا سمیت دیگر سوشل میڈیا کے خلاف ڈس انفارمیشن اور حتک عزت کرنے کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کالے چینل کو قومی خزانے سے پیسے ملتے ہیں ترجمان و سینیٹر کامران مرتضی https://t.co/NECVx9JpkO
— Kamran Murtaza (@KamranM69045926) November 3, 2026
مزید برآں ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کے تقدس کی پامالی طاقتور لوگوں کی ذہنی پستی کا اظہار ہے ۔
ایسےاقدامات قوم میں نفرت اور اشتعال کاسبب بنتے ہیں ۔ کارکن اشتعال میں آنے کی بجائے صوبائی اور مرکزی تنظیموں کے احکامات کی پیروی کریں۔
مولانافضل الرحمان کے گھر کی ڈرون ویڈیوانسانی حقوق، مشرقی اقداراوراسلامی روایات کےمنافی ہے۔ افسوس ہے کہ جن خواتین کی عزت و ناموس کے تحفظ کے لیے مولانا فضل الرحمان میدان میں اترے، آج انہی کے دورِ حکومت میں مولانا کے گھر کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔
دلیل اوردانش کا مقابلہ جھوٹے پروپیگنڈوں،الزام تراشیوں اورگھٹیا اقدامات کےذریعےکیا جارہاہے ۔ وفاقی وزیر اطلاعات جواب دیں کہ کس قانون کے دائرے میں چادر اور چاردیواری کا احترام ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔
کوئی ہمیں دھونس اور دھمکیاں نہ دے ہم مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں ، اس حد تک جائیں جتنا برداشت بھی کرسکیں۔
