مسلم لیگ ن کا سیاسی ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی پالیسی نہ اپنانے کا فیصلہ

اتحادی جماعتوں بالخصوص ق لیگ کے ساتھ اختلافی امور بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کرنے پر اتفاق، سیاسی ماحول کو بہتر بنانے اور کشیدگی میں کمی کیلئے اسحاق ڈار کو ٹاسک سونپ دیا گیا


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی اعلیٰ سطح کی اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات کا بنیادی مقصد ملک میں جاری سیاسی تناؤ میں کمی لانا اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کرنا تھا، ملاقات میں ملکی معیشت، انتظامی امور اور پارٹی کی آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ سیاسی ٹکراؤ اور محاذ آرائی کی پالیسی کو ختم ہونا چاہیئے، حکومت کو اپنی کارکردگی، عوامی فلاح و بہبود اور ملکی ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ مرکوز کرنی چاہیئے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔


ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ملاقات کے دوران ملک کے سیاسی ماحول کو بہتر بنانے، اپوزیشن اور دیگر فریقین کے ساتھ رابطے بحال کرنے اور کشیدگی میں کمی لانے کے لیے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، انہیں ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ سیاسی سطح پر ڈیڈلاک کو ختم کرنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ بات چیت کا آغاز کریں اور سیاسی استحکام کے لیے عملی اقدامات کریں۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اجلاس کے دوران حکومتی اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا، اس دوران حکومت کی اتحادی جماعتوں اور بالخصوص ق لیگ کے ساتھ تمام زیر التواء معاملات کو احسن طریقے سے طے کرنے پر اتفاق کیا گیا، رہنماؤں نے ہدایت کی کہ اتحادیوں کے ساتھ موجود تمام اختلافی امور اور تحفظات کو باہمی بات چیت اور افہام و تفہیم کے ذریعے جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ حکومتی صفوں میں مکمل یکجہتی برقرار رہے۔
ذرائع کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی، انہوں نے قائد نواز شریف اور وزیراعظم کو صوبے کے انتظامی امور، گورننس اور موجودہ سیاسی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی اور اپنا نقطہ نظر پیش کیا، اجلاس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوام کو ریلیف دینے والے اقدامات کو تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات کا ایک اور اہم ایجنڈا آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تھا، پارٹی کی سطح پر بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی، اس دوران متفقہ فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے ساتھ مخلص، متحرک اور جفاکش نوجوان قیادت کو میدان میں لایا جائے گا اور اہم ذمہ داریاں سونپی جائیں گی تاکہ نچلی سطح پر پارٹی کو مزید فعال بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert