عمران خان کے کزن قاسم زمان کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا، منیب فاروق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان کو اڈیالہ جیل سے رہائی مل گئی، قاسم زمان کی رہائی 6 نومبر کو عمل میں لائی گئی تھی۔
سینئر تجزیہ کار منیب فاروق کا اپنے وی لاگ میں کہنا ہے کہ بیرسٹر گوہر خان نے دو تین ایشو پر بڑا کام کیا ہے، ان کی کوشش تھی کہ سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات ہوجائے، وہ ملاقات کرائی گئی۔
پھر ان کی کوشش تھی کہ قاسم زمان کی رہائی ہوجائے۔ قاسم زمان کی رہائی 6 نومبر کو ہوچکی ہے اس بات کا کسی کو پتا نہیں لیکن وہ اپنے گھر جاچکے ہیں۔
اب عمران خان کی تین بہنیں جو کہ عمر رسیدہ خواتین ہیں تینوں تھری ایم پی او کے تحت جیل میں ہیں، عمران خان کی دو بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان ، اسی طرح نورین نیاز ی کی صاحبزادیوں یعنی حفیظ اللہ نیازی کی بیٹیوں کی ملاقات کروائی گئی ہے۔
جو شرائط تھیں وہ نورین نیازی اور عظمیٰ خان تک بھی پہنچائی گئیں۔

اب بڑے قوی امکانات ہیں کہ اگلے 48 گھنٹوں میں نورین نیازی اور عظمیٰ خان کو رہائی مل جائے گی۔
مزید برآں اے آر وائی نیوز کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے کزن قاسم زمان کے تھری ایم پی او آرڈر میں توسیع نہیں کی گئی تھی۔ عمران خان کے کزن قاسم زمان کو 6 اکتوبر 2026 کو 30 دنوں کیلئے تھری ایم پی او حکم کے تحت اڈیالہ جیل کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے اڈیالہ جیل میں میڈیکل ٹیسٹوں کی مکمل رپورٹس منظرِ عام پر لائی جائیں، بانی کے علاج میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر قابلِ قبول نہیں۔ پی ٹی آئی رہنماء اسد قیصر کے ایکس پر جاری اعلامیہ کے مطابق آج تحریک تحفظ آئین پاکستان کے چیئرمین و قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، وائس چیئرمین و قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس اور سیکرٹری جنرل اسد قیصر نے مشترکہ مشاورت میں ملک کی موجودہ سیاسی، آئینی اور جمہوری صورتحال، خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ، سیاسی قیادت اور کارکنوں کی گرفتاریوں، عدالتی کارروائیوں میں رکاوٹوں اور بنیادی انسانی حقوق کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا۔
وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کے نتیجے میں پشاور ہائی کورٹ میں آرٹیکل 199 کے تحت دائر درخواستوں کی سماعت معطل ہونے، گورنر راج اور ایمرجنسی کو چیلنج کرنے والی درخواستوں اور تین ایم پی او کے تحت گرفتار سیاسی کارکنوں کی قانونی داد رسی متاثر ہونے پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عدالتوں تک رسائی اور انصاف کا حصول ہر شہری کا بنیادی آئینی حق ہے، جسے کسی صورت محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔
مشاورت میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اڈیالہ جیل میں ہونے والے ان کے میڈیکل ٹیسٹوں کی مکمل رپورٹس فوری منظرِ عام پر لائی جائیں۔ عمران خان کو الشفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ذاتی معالجین کی موجودگی میں علاج سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
قیدیوں کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی قانونی ذمہ داری ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر قابلِ قبول نہیں۔
اسی طرح تین ایم پی او کے تحت گرفتار عمران خان کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور نورین نیازی سمیت تمام سیاسی کارکنوں اور تحریک انصاف کی قیادت کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا۔ سیاسی اختلافات کی بنیاد پر گرفتاریوں، دباؤ اور قانونی حقوق کی عدم فراہمی کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert