عدالت نے ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ کردی
ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو نے مذکورہ مقدمے میں ڈسکہ کی عدالت سے 10 نومبر تک عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، تاہم وہ سماعت کے دوران عدالت میں پیش نہیں ہوئے

سیالکوٹ(قدرت روزنامہ)سیلاکوٹ کے علاقہ ڈسکہ میں مہندی کی تقریب کے دوران پیش آنے والے حادثے اور بھگدڑ کے معاملے میں اہم قانونی پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں عدالت نے ٹک ٹاکر انصر عرف مسٹر پتلو کی عبوری ضمانت منسوخ کردی۔
اطلاعات کے مطابق ڈسکہ کے علاقے میں منعقدہ ایک مہندی کی تقریب کے دوران بدانتظامی اور بھگدڑ مچنے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہو گئے تھے، جس کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں تھانہ موترہ میں درج کیا گیا تھا، اس مقدمے میں ٹک ٹاکر انصر عرف پتلو نے 10 نومبر تک کی عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی، تاہم آج مقررہ سماعت کے دوران ملزم کے عدالت میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ان کی عبوری ضمانت منسوخ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ قانونی مشکلات میں گِھرے ہوئے ٹک ٹاکر کے خلاف ایک اور سنگین مقدمہ بھی درج ہے، اس حوالے سے مہندی کی تقریب میں جاں بحق ہونے والے نوجوان ریحان کے لواحقین کو مبینہ طور پر صلح کے لیے سنگین دھمکیاں دینے کے الزام میں تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے گزشتہ روز ہی مسٹر پتلو کو گرفتار کرلیا تھا، جس کے بعد سے وہ پولیس کی حراست میں ہیں۔
یاد رہے کہ مہندی کی اس تقریب میں شدید بدنظمی اور بھگدڑ کے باعث دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے تھے، جس پر پولیس نے فوری طور پر کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا تھا، ضمانت منسوخ ہونے اور پہلے سے درج مقدمات میں گرفتاری کے بعد ٹک ٹاکر کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے معاملے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
