پاکستان کی نئی آٹو پالیسی 2026 سے گاڑیوں کی قیمتیں کم ہوں گی یا بڑھیں گی؟ ماہر نے اہم خدشات ظاہر کردیے

کراچی(قدرت روزنامہ)پاکستان کی نئی آٹو پالیسی 2026 کے تحت گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان نہیں، تاہم سیلز ٹیکس اور دیگر ڈیوٹیز میں مجوزہ تبدیلیوں کے باعث بعض گاڑیاں سستی جبکہ کچھ مہنگی ہوسکتی ہیں۔ آٹو انڈسٹری کے ماہر مسعود خان نے نئی پالیسی کے ممکنہ اثرات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے فوائد عام صارفین کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑیوں کو زیادہ ملتے دکھائی دیتے ہیں۔
آٹو انڈسٹری کے ماہر مسعود خان نے نئی پالیسی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی توقع رکھنا قبل از وقت ہوگا، تاہم الیکٹرک، ہائبرڈ اور بعض چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکسوں میں رعایت سے صارفین کو جزوی ریلیف مل سکتا ہے۔
ان کے مطابق مختلف اقسام کی گاڑیوں کیلئے سیلز ٹیکس کی الگ الگ شرحیں تجویز کی گئی ہیں، جس کے نتیجے میں بعض گاڑیوں کی قیمتیں کم جبکہ دیگر کی قیمتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس میں تبدیلی
مجوزہ آٹو پالیسی کے تحت الیکٹرک گاڑیوں پر موجودہ ایک فیصد سیلز ٹیکس برقرار رکھنے کی تجویز ہے، تاہم رینج ایکسٹینڈر الیکٹرک گاڑیوں پر سیلز ٹیکس ایک فیصد سے بڑھا کر 6 فیصد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دوسری جانب پلگ اِن ہائبرڈ اور ہائبرڈ گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 18 فیصد سے کم کرکے 9 فیصد کرنے کی تجویز ہے، جس سے ان گاڑیوں کے خریداروں کو نسبتاً زیادہ فائدہ پہنچ سکتا ہے۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ بعض چھوٹی گاڑیوں پر ایکسائز ڈیوٹی اور کیپیٹل ویلیو ٹیکس (سی وی ٹی) میں کمی سے بھی صارفین کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔
ان کے اندازے کے مطابق 50 لاکھ سے 60 لاکھ روپے مالیت کی گاڑیوں پر مجوزہ ٹیکس رعایت کے نتیجے میں تقریباً ڈھائی سے 3 لاکھ روپے تک فرق پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت روایتی پیٹرول سے چلنے والی گاڑیوں پر نئی لیوی عائد کرنے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ ٹیکس آمدن میں متوقع کمی کو پورا کیا جاسکے۔
نئی آٹو پالیسی میں پبلک ٹرانسپورٹ کو نظرانداز کرنے کا خدشہ
آٹو انڈسٹری کے ماہر نے نئی پالیسی کی ترجیحات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں صرف 6.6 فیصد گھرانوں کے پاس کار موجود ہے، جبکہ تقریباً 57 فیصد گھرانے موٹرسائیکل استعمال کرتے ہیں۔
ان کے مطابق ملک کے تقریباً 41 فیصد گھرانوں کے پاس نہ کار ہے اور نہ ہی موٹرسائیکل، جبکہ مجموعی آبادی کا تقریباً 51 فیصد حصہ پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتا ہے۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو الیکٹرک گاڑیوں کیلئے مراعات دینے کے ساتھ ساتھ عوامی ٹرانسپورٹ کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی توجہ دینی چاہیے، کیونکہ ملک کی بڑی آبادی کو سستی اور قابل رسائی سفری سہولیات کی ضرورت ہے۔

استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد سے مقامی صنعت متاثر ہونے کا خدشہ
مسعود خان نے نئی آٹو پالیسی میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد آسان بنانے کی تجاویز پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مکمل تیار شدہ گاڑیوں اور گاڑیوں کی اسمبلنگ کیلئے درآمدی پرزہ جات کی بڑے پیمانے پر آمد سے پاکستان کی مقامی آٹو پارٹس انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
ان کے مطابق اگر درآمد شدہ گاڑیوں کا مارکیٹ میں حصہ بڑھ گیا یا مقامی اسمبلرز نے بھی درآمدی پرزہ جات کو ترجیح دینا شروع کردی تو مقامی طور پر تیار ہونے والے پرزہ جات کی طلب کم ہوجائے گی، جس سے ملکی کارخانوں کی بقا خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی تیاری ضروری قرار
پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے متبادل کے طور پر الیکٹرک موٹرسائیکلوں اور رکشوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مسعود خان نے کہا کہ صرف سبسڈی دے کر الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنا پائیدار پالیسی نہیں ہوسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ مکمل تیار شدہ الیکٹرک گاڑیاں درآمد کرنے یا درآمدی پرزہ جات سے مقامی سطح پر انہیں اسمبل کرنے سے پاکستان کو صنعتی لحاظ سے زیادہ فائدہ حاصل نہیں ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی پالیسی میں ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی سطح پر گاڑیوں اور ان کے پرزہ جات کی تیاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کو بنیادی اہمیت دی جانی چاہیے۔
سی این جی پالیسی کی مثال دیتے ہوئے تسلسل پر زور
مسعود خان نے حکومتی پالیسیوں میں تسلسل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ماضی کی سی این جی پالیسی کی مثال بھی دی۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ماضی میں سی این جی گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی تھی، جس پر صارفین نے اپنی گاڑیوں میں سی این جی کٹس لگوانے کیلئے بھاری سرمایہ کاری کی، لیکن بعد میں سی این جی کی دستیابی محدود کردی گئی۔
انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر آج الیکٹرک گاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور مستقبل میں بجلی کی قلت یا دیگر وجوہات کی بنیاد پر اس پالیسی کو تبدیل کردیا گیا تو صارفین کی سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے۔
مسعود خان نے کہا کہ پاکستان کو ایسی طویل المدتی اور مستقل آٹو پالیسی کی ضرورت ہے جو مقامی صنعت کا تحفظ کرے، درآمدات پر انحصار کم کرے اور گاڑیوں سمیت ان کے پرزہ جات کی ملکی سطح پر تیاری کو فروغ دے۔
ان کے مطابق نئی آٹو پالیسی کی کامیابی کا انحصار صرف گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی پر نہیں بلکہ مقامی صنعت کے استحکام، روزگار کے مواقع اور عام صارفین کو حقیقی سہولت فراہم کرنے پر بھی ہوگا۔
