پاسبان ریمیٹنس ریوارڈز اسکیم سے فائدہ اٹھانے کا طریقہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بیرون ملک سے قانونی مالی ذرائع کے ذریعے پاکستان میں رقم وصول کرنے والے اہل افراد پاسبان ریمیٹنس ریوارڈز اسکیم کی سہ ماہی قرعہ اندازی میں مفت اور خودکار طور پر شامل ہو سکتے ہیں۔
پاسبان ریمیٹنس ریوارڈز اسکیم میں سب سے اہم شرط ایک ہی اہل اکاؤنٹ میں متعلقہ سہ ماہی کے ہر ماہ کم از کم 100 امریکی ڈالر کے مساوی ایک اہل ترسیل وصول ہونا ہے، صرف ایک ماہ میں بڑی رقم وصول کرنا باقی 2 ماہ کی شرط پوری نہیں کرتا۔
یہ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن اور شریک بینکوں کی اسکیم ہے جسے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی سرپرستی حاصل ہے۔ اس میں سالانہ 16 ارب روپے کے انعامات کا اعلان کیا گیا ہے جو شریک بینک اپنے وسائل سے ادا کرتے ہیں۔ اس سے قومی خزانے پر بوجھ نہیں پڑتا، ون لنک انٹریاں بنانے اور قرعہ اندازی کا نظام چلاتا ہے۔
شرکت کیلیے درخواست یا ٹکٹ خریدنے کی ضرورت نہیں
اہل ترسیلات کی بنیاد پر انٹریاں خودکار طور پر بنتی ہیں۔ الگ رجسٹریشن، ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے، ایس ایم ایس بھیجنے، شرکت کی فیس یا اکاؤنٹ میں کم از کم بیلنس رکھنے کی شرط نہیں ہے۔
انٹریاں کیسے شمار ہوں گی؟
ہر اہل ترسیل کی ڈالر کے مساوی رقم کو قریب ترین 100 ڈالر تک راؤنڈ کر کے انٹریاں دی جاتی ہیں۔ انٹریوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کی حد نہیں، تاہم زیادہ انٹریاں بھی انعام کی ضمانت نہیں۔
انٹری کا پیغام ملنا حتمی اہلیت نہیں
تفصیلی شرائط کی ایک شک کے مطابق سہ ماہی کے دوران بننے والی انٹریاں ابتدا میں عارضی ہوتی ہیں۔ قرعہ اندازی کیلیے تبھی اہل بنتی ہیں جب وہی اکاؤنٹ تینوں ماہ کی شرط پوری کرے۔ انٹریاں متعلقہ سہ ماہی کے بعد ختم ہو جاتی ہیں اور اگلی سہ ماہی میں منتقل نہیں ہوتیں۔
کون سی رقوم اور اکاؤنٹس شامل نہیں؟
کاؤنٹر سے نقد وصول کی گئی ترسیلات
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس، غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس اور کمپنی یا ادارے کے اکاؤنٹس
اشیا یا خدمات کی تجارتی ادائیگیاں، سرمایہ کاری اور جائیداد کی ادائیگیاں
واپس یا منسوخ کی گئی اور فراڈ پر مبنی ٹرانزیکشنز
تفصیلی شرائط میں درج متعلقہ اسکیم اہلکار، اور شریک بینکوں، پاکستان بینکس ایسوسی ایشن، ون لنک اور اسٹیٹ بینک کے ملازمین، افسران اور ڈائریکٹرز
تاریخیں اور انعام کی ادائیگی
اسکیم کا آغاز: 1 اکتوبر 2026
پہلی اہل سہ ماہی: 1 اکتوبر تا 31 دسمبر 2026
پہلی قرعہ اندازی: 15 جنوری 2027
اہم نوٹ
یکم اکتوبر 2026 سے پہلے موصول ہونے والی ترسیلات پہلی قرعہ اندازی میں شمار نہیں ہوں گی۔
کامیاب افراد سے ان کے بینک رابطہ کریں گے جبکہ نتائج ذاتی تفصیلات ظاہر کیے بغیر شائع کیے جائیں گے۔ انعامی رقم قرعہ اندازی والے ماہ کی 21 تاریخ تک روپے میں اکاؤنٹ میں جمع کی جاتی ہے، لیکن ضروری تصدیق مکمل ہونا شرط ہے کیونکہ اس میں تاخیر سے ادائیگی بھی مؤخر ہو سکتی ہے۔
قابلِ اطلاق ودہولڈنگ ٹیکس انعامی رقم سے کاٹا جائے گا۔
