محترمہ میڈم اپنے والد سے پوچھ لیں کہ ہماری پرورش کس ماحول میں ہوئی اور چوہدری شجاعت کس طرح کا شخص ہے، چوہدری سالک حسین
یہ انتہائی گری ہوئی بات ہے، اگر میں کچھ کہوں گا تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں، اگر آپ سیاست میں ہیں اور اس طرح کی گری ہوئی گھٹیا باتیں کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک کا وزیراعلیٰ مریم نواز کے بیان پر جواب

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ میں محترمہ میڈم مریم نواز کو کہوں گا کہ اپنے والد سے پوچھ لیں کہ ہماری پرورش کس ماحول میں ہوئی اور چوہدری شجاعت کس طرح کا شخص ہے، یہ انتہائی گری ہوئی بات ہے، اگر میں کچھ کہوں گا تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں، اگر آپ سیاست میں ہیں اور اس طرح کی گری ہوئی گھٹیا باتیں کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام ”کیپیٹل ٹاک“ میں حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ میں نے پنجاب میں کرپشن کی نشاندہی کی تھی، اگر حکومت کا ایک اتحادی اس بات کی نشاندہی کرے کہ پنجاب میں کرپشن ہو رہی ہے تو اس بات کا ادراک انٹرویو سامنے آنے کے بعد سب کو ہوگیا ہے۔
میرے انٹرویو کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی بلکہ مزید کھل کر سامنے آگئی ہے۔
مریم نواز کے جہلم میں دیئے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے چوہدری سالک نے کہا کہ مریم نواز نے میرے متعلق جو بیان دیا ہے، وہ سب باتیں ایک حکمران کو زیب نہیں دیتیں۔ میں مریم نواز سے کہوں گا کہ وہ اپنے والد سے پوچھیں کہ میری پرورش کس ماحول میں ہوئی ہے اور چوہدری شجاعت کس طرح کے انسان ہیں۔ انہوں نے میرے متعلق جو کہا وہ انتہائی گری ہوئی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پھر میں کچھ کہوں گا تو یہ عورت کارڈ کھیلنا شروع کر دیتے ہیں۔ اگر آپ سیاست میں ہیں تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں۔ اگر اس طرح کی گری ہوئی اور گھٹیا باتیں کریں گے تو جواب بھی ملے گا۔
چوہدری سالک نے واضح کیا کہ میں کبھی بھی اپنا بیان واپس نہیں لوں گا کیونکہ یہ حقیقت ہے، اور نوٹس کا جواب بھی انہیں کل پرسوں تک بھجوا دیں گے۔
عدالت میں کرپشن کے متعلق ثبوت پیش کروں گا، جب عدالت میں کارروائی ہوگی تو کئی چیزیں سامنے آ سکتی ہیں۔
چودھری سالک حسین نے مریم نواز سے کہا ہے کہ آپ نے میرے خاندان کے بارے میں جو گھٹیا زبان استعمال کی ہے اسکا جواب میں اسی زبان میں دے سکتا ہوں لیکن پھر آپ عورت کارڈ کھیلیں گی سیاست کر رہی ہیں تو پھر عورت کارڈ نہ کھیلا کریں https://t.co/4ioOuEsZBh
— Hamid Mir حامد میر (@HamidMirPAK) November 11, 2026
حامد میر کے سوال پر کہ کیا حکومت کی جانب سے انہیں مریم نواز کے ساتھ معاملات سلجھانے کا نہیں کہا گیا؟ چوہدری سالک حسین نے بتایا کہ ”میرے اس بیان کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات سے بات ہوئی، انہوں نے بھی اس بات کی وضاحت کی اور معاملہ وہیں ختم ہو جانا چاہیے تھا، لیکن اگلے دن مریم نواز نےاٹک مین بیان دیا۔
نہ جانے انہیں کس نے اکسایا کہ انہوں نے میرے متعلق یہ باتیں کر دیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”میری ان باتوں میں نہ تو انا ہے اور نہ ہی کوئی ذاتی مفاد۔ آپ کسی انسان کی عزت نفس کو چھیڑیں گے تو ری ایکشن آئے گا۔ میرا بھائی بھی پنجاب حکومت کا حصہ ہے، لیکن جو حقیقت ہے وہ حقیقت ہے اور میں اپنے بیان پر قائم رہوں گا۔“
ڈی سی کی تبدیلی اور ترقیاتی منصوبے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ”پچھلے ڈیڑھ سال سے یہی ڈی سی تعینات تھیں، ان کے ساتھ ہماری ورکنگ کوآرڈینیشن بہت اچھی ہے۔
ہم نے صرف اتنا کہا تھا کہ کوئی ایسا ڈی سی لگائیں جنہیں تعمیراتی کاموں اور اربن ڈویلپمنٹ کا تجربہ ہو۔ ایک سال میں منصوبے کی تکمیل ہونی ہے اور ابھی تک صرف 25 فیصد کام مکمل ہوا ہے، یہ کچھ خدشات تھے جن کی بنیاد پر بات کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ”میں نے 25 ستمبر کو انٹرویو دیا تھا، جبکہ ڈی سی کی تبدیلی 31 اکتوبر کو ہوئی ہے، شاید میڈم اس بارے میں آگاہ نہیں تھیں۔
زیرو ٹالرنس پالیسی پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ زیرو ٹالرنس تو شروع سے ہی ہونی چاہیے تھی، یہ ان کے اپنے لوگوں کے بیانات ہیں کہ تین ماہ سے زیرو ٹالرنس ہے۔
مریم نواز کے انتخابات سے متعلق بیان پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”الیکشن میں ابھی ڈھائی سال باقی ہیں، پتا نہیں مریم نواز کون سے الیکشنز کی بات کر رہی ہیں۔
اپنے انٹرویو کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ”اس انٹرویو میں 90 فیصد باتیں اس موضوع سے ہٹ کر تھیں اور کوئی سوال پلانڈ نہیں تھا۔ اگر مجھ سے پوچھا جاتا کہ کیا خیبر پختونخوا میں کرپشن ہو رہی ہے تو میں یہی کہتا کہ ہاں، ہو رہی ہے۔“
اپنی وزارت اور حکومتی اتحاد سے متعلق انہوں نے کہا کہ ”ہماری حکومت کے ساتھ اتحادی حکومت ہے اور میری وزارت اور استعفے کا تعلق بھی اسی کے ساتھ منسلک ہے۔
آخر میں چوہدری سالک حسین نے دعویٰ کیا کہ یہ ملکی تاریخ کا پہلا واقعہ ہے کہ کسی موجودہ حکمران نے کسی شخص کو ڈی فیمیشن کا نوٹس بھیجا ہو۔ میں نے تو پنجاب حکومت کی بات کی تھی، لیکن مریم نواز نے یہ بات اپنے اوپر لے لی۔
