سیکورٹی فورسز کی بڑی کارروائی ، کنڈاوا پوسٹ پر دہشتگردوں کا خودکش حملہ ناکام بنا دیا گیا ، 3 دہشتگردجہنم واصل

مستونگ(قدرت روزنامہ)مستونگ میں این-25 پر واقع سیکیورٹی فورسز کی کنڈاوا پوسٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا ، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بزدل دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے کنڈاوہ پوسٹ کو نشانہ بنایا، جس کے فوری بعد پوسٹ میں داخل ہونے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے آر پی جی-7 اور خودکار ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی تاہم پوسٹ پر تعینات الرٹ سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو پسپا کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد جہنم واصل ہوئے ۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی گاڑی پوسٹ کے بیرونی حصے سے باہر پھٹنے کے باعث قریبی آبادی کے متعدد گھروں کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک مرد اور دو خواتین سمیت تین مقامی شہری شہید ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد فرنٹیئر کور (ایف سی) کے جوان موقع پر پہنچ گئے اور متاثرہ مقامی خاندانوں کی مدد کے لیے امدادی کارروائیاں شروع کر دیں، جبکہ علاقے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔
