کراچی: پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے بلوچستان کے صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی اور دیگر رہنماؤں کی تفصیلی ملاقات


کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور سے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات و صوبائی وزیر منصوبہ بندی میر ظہور بلیدی، مرکزی رہنما و وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن سید اقبال شاہ اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی نے زرداری ہاؤس کراچی میں تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، بلوچستان کے انتظامی و ترقیاتی امور، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں، پارٹی کے شعبہ اطلاعات کی جدید خطوط پر استواری و مضبوطی اور کارکنان کے مسائل کے مؤثر اور بہتر حل سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے محترمہ فریال تالپور کو بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لیے جاری میگا پراجیکٹس، عوامی ریلیف کے اقدامات اور گورننس کی بہتری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ،رہنماؤں نے صوبے میں پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے، میڈیا سیل کی کارکردگی اور کارکنان امور کے حوالے بھی آگاہ کیا۔
محترمہ فریال تالپور نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل اور عوامی خدمت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ جدید دور اور سوشل میڈیا کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی کے شعبہ اطلاعات کو مزید منظم، فعال اور مضبوط بنایا جائے، تاکہ پیپلزپارٹی کا بیانیہ اور بلوچستان حکومت کی عوامی خدمات مؤثر انداز میں ہر شہری تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے کارکنان پارٹی کا قیمتی سرمایہ اور اصل طاقت ہیں۔ انہوں نے صوبائی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ کارکنان سے قریبی رابطہ رکھا جائے، ان کے مسائل کے فوری، پائیدار اور بہتر حل کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

WhatsApp
Get Alert