صوبوں کی تقسیم کا مقصد بہتر نظم و نسق نہیں بلکہ پشتونوں اور بلوچوں کے وسائل پر قبضہ ہے: سینیٹر ایمل ولی خان
ڈیورنڈ لائن پر تجارت کی بندش سے معاشی ڈھانچہ تباہ ہوا، پشتون و بلوچ اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے: چمن میں شہدائے وطن جلسہ عام سے خطاب

چمن (ڈیلی قدرت کوئٹہ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ صوبوں کی تقسیم کا مقصد بہتر نظم و نسق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی نہیں بلکہ پشتونوں اور بلوچوں کے وسائل پر قبضہ اور ان کی لوٹ مار کو دوام بخشنا ہے، جبکہ مسلط کردہ دہشت گردی وسائل کو مزید زیرِ دست رکھنے کا منصوبہ ہے۔ پشتون اور بلوچ دو برادر، باوقار اور ہم پلہ اقوام ہیں، دونوں کے درمیان اتحاد، اتفاق، باہمی احترام اور مشترکہ جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے وطن کی یاد میں ہائی اسکول فٹ بال گرانڈ چمن میں منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے کی صدارت عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کی، جبکہ صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، صوبائی ترجمان ولی داد میانی، صوبائی کلچر سیکرٹری حضرت علی اچکزئی اور ضلعی صدر عبدالخالق حقمل سمیت دیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا کہ ڈیورنڈ لائن سے متصل علاقوں میں کاروبار اور تجارتی سرگرمیوں کی بندش سے مقامی آبادی کا معاشی ڈھانچہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔ سرحد کے دونوں جانب آباد لوگوں کے تاریخی، قومی، ثقافتی اور خاندانی رشتے ان لکیروں کے محتاج نہیں، ایسے رشتوں اور روایات پر پابندیاں عائد کرنا قابلِ گرفت عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید خان جیلانی خان اچکزئی اور شہید اسد خان اچکزئی کی قربانیاں اور جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، عوامی نیشنل پارٹی شہدا کی امین جماعت ہے اور انہی قربانیوں کے باعث فکرِ باچاخان کی جدوجہد جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پشتون قوم گزشتہ کئی دہائیوں سے بدامنی، دہشت گردی، معاشی مشکلات، بے روزگاری اور عدم تحفظ جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہی ہے۔ پشتون سرزمین قدرتی وسائل، معدنیات اور معاشی امکانات سے مالامال ہونے کے باوجود مقامی عوام محرومیوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ کسی بھی خطے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ وہاں کے وسائل پر پہلا حق مقامی آبادی کا تسلیم کیا جائے اور عوام کو ان کے سیاسی، معاشی اور آئینی حقوق فراہم کیے جائیں۔ایمل ولی خان نے کہا کہ پشتون اور بلوچ اقوام کو درپیش مسائل کے اسباب کو سمجھتے ہوئے مشترکہ سیاسی حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔ جمہوری اقدار، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی خودمختاری ہی عوام کے حقوق کے تحفظ اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کا راستہ ہیں۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پشتون اور بلوچ وطن میں لاقانونیت، دہشت گردی، قومی شاہراہوں پر عدم تحفظ، منشیات کی کاشت و کاروبار، وسائل کی لوٹ مار اور معاشی قتل عام مسلط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھائی کو بھائی سے لڑانے اور برادر قبائل کو آپس میں دست و گریبان رکھنے کے لیے رنجشوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ جیل جانا ان کے لیے کوئی نئی بات نہیں، انہیں یہاں کے عوام کے مفادات ہر صورت عزیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے جنازوں کو کندھا دینے کے باوجود انہوں نے کبھی چمن کے شہریوں اور املاک کو نقصان نہیں پہنچایا اور آئندہ بھی عوامی مفادات کو مقدم رکھیں گے۔ انہوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے جعلی اسمبلیاں تشکیل دی گئیں اور 8 فروری کو عوامی رائے کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا۔ ان کے بقول ملک میں پارلیمان کی توہین، مقننہ اور عدلیہ پر دبا، انتظامیہ کی مفلوجی اور صحافت پر قدغنیں جمہوری نظام کے لیے تشویش ناک ہیں۔صوبائی پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ فکرِ باچاخان کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت ہے، جس کے لیے پرامن جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کیا گیا۔ فلسفہ عدم تشدد آج بھی پشتون اور بلوچ اقوام کے حقوق کا ضامن ہے اور موجودہ حالات میں اسی طرزِ جدوجہد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شہدائے وطن کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جدوجہد پارٹی کارکنوں کے لیے مشعل راہ ہے۔جلسے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ نظامت کے فرائض صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا نے انجام دیے جبکہ قراردادیں صوبائی ترجمان ولی داد میانی نے پیش کیں۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت مولوی اختر محمد نے حاصل کی۔
