پشتون قوم کی حقیقی ترقی کیلئے قومی وسائل، معدنیات اور تجارت پر آئینی اختیار ناگزیر ہے: پشتونخوا نیپ
شیخان علاقائی یونٹ کی کانفرنس، انیس خان تاجک سیکرٹری اور جبار مندوخیل سینئر معاون منتخب، صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے نومنتخب کابینہ سے حلف لیا

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے شیخان علاقائی یونٹ کی کانفرنس پارٹی کے ضلعی سینئر معاون سیکرٹری ندا سنگر کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی رہنماؤں، کارکنوں اور مندوبین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کے بعد پارٹی ترانے کے احترام میں تمام شرکاء کھڑے ہو گئے۔ اجلاس میں شیخان علاقائی یونٹ کی گزشتہ 40 ماہ کی سیاسی، تنظیمی اور اجتماعی سرگرمیوں پر مشتمل کارکردگی رپورٹ علاقائی سینئر معاون سیکرٹری جبار خان مندوخیل نے پیش کی، جس کا مندوبین اور شرکاء نے تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مکمل اتفاقِ رائے سے منظوری دے دی۔
کانفرنس کے دوران نظارت کے فرائض صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رحمت اللہ صابر نے انجام دیے جبکہ نئے علاقائی ایگزیکٹو کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے تحت انیس خان تاجک کو علاقائی سیکرٹری اور جبار خان مندوخیل کو سینئر معاون سیکرٹری منتخب کیا گیا اور مجموعی طور پر 13 رکنی علاقائی ایگزیکٹو تشکیل دیا گیا۔ نومنتخب کابینہ سے پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے حلف لیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت پارٹی کے آئین، منشور، نظریے اور تنظیمی فیصلوں کے مطابق اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے قومی و سیاسی جدوجہد کو مزید مضبوط بنائے گی۔
کانفرنس سے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا، صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی مالیات سیکرٹری سید اکبر کاکڑ، صوبائی آفس سیکرٹری ندا سنگر اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹریوں رزاق خان بڑیچ، محمود ریاض، پروفیسر اسد ترین اور نیک زیارکش نے خطاب کیا۔ مقررین نے پارٹی کے قومی و جمہوری مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا نیپ ایک ترقی پسند اور عوامی جماعت ہے جو پشتون قوم کے قومی تشخص، قومی وحدت، خودمختاری اور سیاسی، معاشی، سماجی و ثقافتی حقوق کے حصول کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قوم کو درپیش موجودہ بحرانوں کا بنیادی سبب قومی وسائل پر اختیار سے محرومی، سیاسی بے اختیاری، آئینی حقوق کی پامالی، بدامنی، دہشت گردی، بے روزگاری اور ریاستی پالیسیوں میں پشتونخوا وطن کو مسلسل نظرانداز کرنا ہے۔
مقررین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی بھی قوم کی حقیقی ترقی و خوشحالی کے لیے لازم ہے کہ اسے اپنی سرزمین، قدرتی ذخائر، معدنیات اور تجارت پر آئینی و جمہوری اختیار حاصل ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پشتونخوا وطن میں پائیدار امن قائم کر کے عوام کو دہشت گردی، جبری گمشدگیوں، ٹارگٹ کلنگ اور معاشی استحصال سے نجات دلائی جائے اور تمام ریاستی اداروں کو آئین کے دائرہ کار کا پابند بنایا جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ پشتونخوا نیپ اٹھارویں آئینی ترمیم، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور پاکستان میں آباد تمام اقوام کی برابری و باہمی احترام پر مبنی رضاکارانہ وفاقی نظام کی حامی ہے، کیونکہ یہی نظام ملک کے سیاسی استحکام کی ضمانت بن سکتا ہے۔ مقررین نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ذاتی و گروہی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی قیادت، تنظیمی نظم و ضبط اور میرٹ کے اصولوں کے تحت عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور نوجوانوں کو سیاسی عمل کا حصہ بنا کر قومی جدوجہد کو منزل سے ہمکنار کریں۔
