بلاول بھٹو کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کرنے کی باتیں بے تکی ہیں، ناصر حسین شاہ

کراچی (قدرت روزنامہ)سندھ کے وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ ایک صوبہ ہے اور ایک ہی رہے گا۔ بلاول بھٹو کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کرنے کی باتیں بے تکی ہیں۔
مٹیاری کے شہر ہالا میں میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، تاہم جب سندھ اسمبلی صوبے کی تقسیم کے خلاف قرارداد منظور کرچکی ہے تو ریفرنڈم کی بات کیوں کی جارہی ہے۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے بیٹے ہیں، ان کے سافٹ ویئر اپڈیٹ ہونے کی باتیں بے تکی ہیں۔ بلاول بھٹو اسلام آباد گئے تو کہا گیا کہ ان کا سافٹ ویئر اپڈیٹ ہوگیا، تاہم اسلام آباد کے بعد بھی بلاول بھٹو نے سندھ کی تقسیم نامنظور کا مؤقف دہرایا
ان کا کہنا تھا کہ جس صوبے کی اسمبلی چاہے وہاں صوبہ بنایا جائے، پیپلزپارٹی سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں نہیں ، صحافی کے سوال پر سید ناصر شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری کا ایک ہی بیٹا ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، اور ان ہی کی بات یہاں چلے گی۔ بلاول بھٹو کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے۔
