سونا خریدنے سے لوگ ہچکچا کیوں رہے ہیں؟ وجہ سامنے آگئی

کراچی (قدرت روزنامہ)سونے کی قیمت میں ایک ہفتے سے کمی کا سلسلہ جاری ہے اور لوگ اب اسے خریدنے میں ہچکچا رہے ہیں جس کی ممکنہ وجوہات سامنے آگئی ہیں۔
سونے کی قیمتوں میں اس گراوٹ کے بعد ہر کسی کے ذہن میں یہی سوال ہے کہ آخر لوگ سونا کیوں نہیں خرید رہے اور قیمتیں اتنی تیزی سے کیوں گر رہی ہیں دراصل بین الاقوامی بازار میں سونے کی قیمتوں پر دباؤ ڈالنے کے پیچھے کئی بڑے اقتصادی اور تکنیکی عوامل ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔
امریکی فیڈرل ریزرو کی پالیسیوں سے لے کر شیئر بازار کے اتار چڑھاؤ تک نے سرمایہ کاروں کو سونا خریدنے کے بجائے فروخت کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
سونے کی خریداری سست پڑنے اور قیمتوں میں بھاری گراوٹ آنے کی پہلی بڑی وجہ امریکی ڈالر کا مضبوط ہونا ہے، بین الاقوامی بازار میں سونے کا پورا کاروبار امریکی ڈالر میں ہوتا ہے، اس لیے جب بھی ڈالر مضبوط ہوتا ہے تو سونے کی قیمتوں پر دباؤ پڑتا ہے۔
ڈالر کی قیمت بڑھنے سے امریکا سے باہر دوسری کرنسیوں میں سرمایہ کاری کرنے والے خریداروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سونا خریدنا مہنگا سودا ثابت ہونے لگتا ہے۔
امریکا میں شرح سود بڑھنے کی زبردست توقع ہے، اس سے بھی سونے کی مانگ کم ہوئی ہے، دسمبر 2026 میں امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے ایک بار پھر شرح سود میں اضافہ کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے چونکہ سونے میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو کسی طرح کا سود یا ڈیویڈنڈ نہیں ملتا، اس لیے شرح سود بڑھنے پر بانڈز اور بینک ڈپازٹ جیسے منافع دینے والے متبادل زیادہ فائدہ مند نظر آنے لگتے ہیں۔
مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے وابستہ کمپنیوں کے شیئرز میں آئی بھاری گراوٹ کا اثر اب صرافہ بازار پر بھی دکھائی دینے لگا ہے۔ رائٹرز کے مطابق، کئی بڑے سرمایہ کار شیئر بازار میں ہوئے اپنے بھاری نقصان کی بھرپائی کرنے اور نقد رقم جمع کرنے کے لیے سونا فروخت کر رہے ہیں، اس سے بلین مارکیٹ میں فروخت کا دباؤ مزید بڑھ گیا ہے۔
مہنگائی بڑھنے کی تشویش بھی سرمایہ کاروں کو سونے سے دور کر رہی ہے، یہ خدشہ گہرا ہوتا جا رہا ہے کہ اقتصادی اتار چڑھاؤ طویل عرصے تک جاری رہ سکتا ہے۔ مہنگائی بھی اونچی سطح پر برقرار رہ سکتی ہے ایسے حالات میں دنیا بھر کے مرکزی بینک اپنی مالیاتی پالیسیوں کو مزید سخت رکھنے پر مجبور ہوں گے، ان تمام وجوہات نے سونے کے مستقبل کو لے کر غیر یقینی صورت حال پیدا کر دی ہے۔
بازار کی موجودہ ہلچل کو دیکھتے ہوئے اب سب سے بڑا سوال یہی ہے کہ آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں کا رخ کیسا رہے گا۔ مجموعی طور پر فی الحال بازار میں قیمتوں کے عدم استحکام اور اتار چڑھاؤ کے امکان کو پوری طرح خارج نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم، اس بھاری گراوٹ کے درمیان خریداروں کے لیے امید کی ایک کرن بھی دکھائی دے رہی ہے۔
رائٹرز کی ایک رپورٹ کے مطابق کموڈیٹی بازار کے معروف ماہر جم وایکوف نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ چاندی اور سونے کی قیمتیں بازار کی توقع سے پہلے ہی اپنی نچلی سطح (بوٹم) بنا سکتی ہیں جس کے بعد بازار میں استحکام آ سکتا ہے۔
آنے والے ہفتوں میں عالمی اور گھریلو سرمایہ کاروں کی پوری نظر چار اہم اقتصادی عوامل پر ٹکی رہے گی ان میں امریکی فیڈرل ریزرو کی مالیاتی پالیسی سے متعلق فیصلے، امریکہ میں مہنگائی کے تازہ اعداد و شمار، عالمی شیئر بازاروں کا رجحان اور دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی کارکردگی سب سے اہم ہیں۔
انہی عوامل سے واضح اشارہ ملے گا کہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں گراوٹ کا یہ سلسلہ یہیں تھمے گا یا پھر خریداروں کو ابھی مزید سستا سونا ملنے کا انتظار کرنا چاہیے۔
