بنوں میں امن جرگے پر تین کواڈ کاپٹر حملے، 10 افراد زخمی

بنوں (قدرت روزنامہ) جنوبی ضلع بنوں میں قیامِ امن کے لیے منعقدہ جرگے کو کواڈ کاپٹروں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی شروع ہوگئی، جس سے صورتِ حال مزید کشیدہ ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ تھانہ ہوید کی حدود میں واقع گلبدین لینڈیڈاک کے مقام پر پیش آیا، جہاں علاقے کی امن کمیٹی کے ارکان اور مقامی عمائدین امن و امان کی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کے لیے جرگے میں شریک تھے۔
پولیس کے مطابق جرگہ خیبی ملک کی قیادت میں جاری تھا کہ اس دوران تین کواڈ کاپٹروں کے ذریعے حملے کیے گئے۔ حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے، جن کی مجموعی تعداد دس بتائی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد علاقے میں فائرنگ بھی شروع ہوگئی۔ واقعے کے بعد علاقے میں صورتِ حال سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔
