بحرین کا ایرانی حملوں میں ایک پاکستانی سمیت 2 افراد زخمی ہونے کا دعویٰ

منامہ (قدرت روزنامہ) بحرین کی وزارت داخلہ نے ایرانی حملوں میں ایک پاکستانی شہری سمیت دو افراد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا ہے جن میں ایک بحرینی اور ایک پاکستانی شہری شامل ہیں، زخمی ہونے والے پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک جب کہ بحرینی شہری کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے، دونوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج ہیں۔
العربیہ نیوز کے مطابق بحرینی وزارت داخلہ نے بیان جاری کیا ہے کہ ہفتے کی شام ہونے والے حملوں میں دو افراد زخمی ہوئے، جن میں ایک مقامی بحرینی شہری اور ایک پاکستانی شہری شامل ہے، زخمی ہونے والا بحرینی شہری معذوری کا شکار ہے تاہم اس کی حالت اب خطرے سے باہر اور مستحکم ہے جب کہ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک قرار دی گئی ہے، وزارت داخلہ نے متاثرہ افراد کے تحفظ یا سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر زخمیوں کی شناخت اور ان مقامات کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں جہاں یہ حملے پیش آئے۔
🔴 BREAKING: Bahrain’s interior ministry says that a Bahraini citizen with a disability and a Pakistani resident were injured in the latest Iranian attacks on the kingdom, adding that the Pakistani national is in critical condition. https://t.co/rlXUiizAa6
— Al Arabiya English (@AlArabiya_Eng) November 22, 2026
بتایا گیا ہے کہ ہفتے کی شام بحرینی وزارت داخلہ کی جانب سے ممکنہ خطرے کے پیش نظر عوامی تحفظ کے الرٹ جاری کیے گئے اور شہریوں کو پرامن رہنے اور قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی، بحرین ڈیفنس فورس کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی فضائی حملوں کو فضا میں ہی ناکام بنایا، تاہم ایک حملہ شہری صنعتی سہولت کو لگا جس سے آگ بھڑک اٹھی، جسے سول ڈیفنس کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرکے قابو پایا، حملوں کو روکنے کے دوران گرنے والے ملبے سے بھی معمولی مادی نقصان ہوا۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے رفاع، عوالی، شیخ عیسیٰ اور جفیر سمیت امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنانے کے مشترکہ میزائل اور ڈرون حملوں کا دعویٰ کیا ہے، جب کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک نے ان حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بتایا جاریا ہے کہ بحرین پر ہونے والے یہ حملے فروری 2026ء کے اواخر میں شروع ہونے والی ایران جنگ کے بعد سے جاری ہیں، جب ایران کے خلاف امریکہ سے منسلک حملوں کے جواب میں تہران نے خلیج فارس کی ریاستوں میں اہداف پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کیے، بحرین میں امریکی پانچویں بحری بیڑے کا ہیڈکوارٹر جیسی اہم فوجی تنصیبات موجود ہونے کے باعث یہ ملک اس کشیدگی سے براہِ راست متاثر ہو رہا ہے۔
مزید یہ کہ فروری 2026 سے اب تک بحرین میں منامہ اور محرق سمیت مختلف علاقوں میں عمارتوں، تجارتی و صنعتی مراکز اور ایک ٹینکر کو نقصان پہنچا جبکہ جون 2026ء کے وسط تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق اس کشیدگی میں کم از کم دو شہری ہلاکتیں اور 50 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، آبنائے ہرمز میں بحری کشیدگی کے بعد نومبر 2026ء میں فضائی حملوں کا یہ نیا سلسلہ خطے میں سکیورٹی خدشات کو مزید بڑھا رہا ہے، جس پر بحرین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کارروائی اور معاوضے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
